مہمند،منشیات کی سمگلنگ ناکام 18 کلو چرس برآمد،2 گرفتار

  مہمند،منشیات کی سمگلنگ ناکام 18 کلو چرس برآمد،2 گرفتار

  



  

مہمند(نمائندہ پاکستان)مہمند پولیس نے بڑی مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ لوئر مہمند پولیس نے ناکہ بندی کے دوران موٹر کار کے خفیہ خانوں سے 18 کلوگرام افیون برآمد کرکے دو ملزمان گرفتار کرلئے۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فضل احمدجان کی ہدایت پر قبائیلی ضلع مہمند میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران لوئر مہمند پولیس نے خفیہ اطلاع پر گزشتہ روزیکہ غنڈ میں ناکہ بندی کرکے باجوڑ سے پشاور جانے والی موٹر کار کی تلاشی لی تو کار میں چھپائے گئے 18 کلوگرام افیون بر آمد کرلی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق موٹر کار نمبر LZZ-650 سوار افراد سمیع اللہ اور شیرزادہ ساکنان لوئر دیر کو ایس ڈی پی او دلفراز خان،ایس ایچ او تھانہ لوئر مہمند رضا محمد،سید اعظم اور اعزاز خان پر مشتمل ٹیم نے ناکہ بندی پر روک کر تلاشی لی تو موٹر کار سے بڑی مقدار میں افیون برآمد کرکے دونوں ملزمان کو موقعہ پر گرفتار کرلیا۔ لوئر مہمندپولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ڈی پی او مہمند فضل احمد جان نے اس حوالے سے بتایا کہ ضلع مہمندمیں عوامی شکایات پر منشیات فروشوں اور ڈرگ ڈیلروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔ مختصر عرصے کے دوران عوامی تعاون سے متعدد منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور ان سے وابسطہ موت کے سوداگروں کے خلاف کاروائیوں سے ضلع مہمند میں منشیات کی خرید و فروخت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ بازاروں کو منشیات فروشوں سے پاک کرکے مہمند پولیس اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے۔ جبکہ دوسرے علاقوں سے متصل داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں منشیات کی نقل و حمل کو نے محدود کردیا ہے۔ اور اس مذموم کاروبار سے وابستہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر