"وزیراعظم کی بہت شرمناک داستانیں ہیں"، جے یو آئی رہنما عبدالغفور حیدری کے بیان پر ہنگامہ

"وزیراعظم کی بہت شرمناک داستانیں ہیں"، جے یو آئی رہنما عبدالغفور حیدری کے ...

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) عمران خان پرالزامات لگاتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی بہت شرمناک داستانیں ہیں، انہوں نے کہا اگر عمران خان آرٹیکل باسٹھ پر پورا اتر یں تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔عمران بارے اس بیان پر سینیٹ میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مولانا فضل الرحمان پر آرٹیکل 6 لاگو ہوتا ہے تاہم اگر وزیراعظم خود آرٹیکل 62 پر پورا اتریں تو میں استعفی دے دوں گا۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق عبدالغفور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا جائے، اگر وزیراعظم یا حکومت یہ بات کرتی ہے تو اس میں رکاوٹ کیا ہے؟ اس طرح کی زبان اختیار کرکے یہ کیا ملک کی خدمت کریں گے؟

جے یو آئی (ف) رہنمانے کہا کہ وزیراعظم جعلی الیکشن کے نتیجے میں برسراقتدار آئے تھے۔ان کا مزید کہناتھاکہ سابق صدر پرویز مشرف نے ہم پر بغاوت کے مقدمے بنائے، آج ہم کہاں اور پرویز مشرف کہاں ہے؟

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ایک مرتبہ یہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کرنے کا تجربہ کرکے تو دیکھیں، وزیراعظم کی بہت شرمناک داستانیں ہیں۔عبدالغفور حیدری کے وزیراعظم بارے الفاظ پر حکومتی اراکین نے احتجاج شروع کردیا۔

مزید : قومی