عمران خان کے مولانا فضل الرحمان پر بغاوت کامقدمہ چلانے سے متعلق بیان پرشہباز شریف کا رد عمل بھی سامنے آگیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے عمران خان کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ چلانے کے بیان کی مذمت کردی ۔ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نیازی کو یہ بیان دینے سے پہلے آئینے میں اپنا چہرہ دیکھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ترک صدر کے دورے کے دوران بیان افسوسناک ہے ،حادثاتی لیڈروں کا یہ ہی المیہ ہے کہ وہ تاریخ سے نا بلد ہیں ۔
واضح رہے کہ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیراعظم نے مو لانا فضل الرحمان کیخلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کی تجویز دی ہے۔عمران خان کے مطابق فضل الرحمان نے خود کہا کہ وہ کسی ایجنڈے کے تحت حکومت گرانے آئے تھے اور انہیں جمہوری حکومت گرانے کا کہا گیا تھا۔جمہوری حکومت کیخلاف سازش پر آرٹیکل 6لگنا چاہئے۔ معلوم ہونا چاہئے کہ فضل الرحمان کو کس نے یقین دہانی کرائی۔نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے میں فضل الرحمان کے خلاف کارروائی کاآغاز کردیا جائے گا۔