”معلوم ہے، مجھے آپ سے ہی شادی کرنی چاہیے“ سہیلی کے خاوند کی زیادتی کی کوشش، متاثرہ خاتون نے ساری کہانی سنا دی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں اپنی سہیلی کے شوہر کے ہاتھوں جنسی ہراسگی کا نشانہ بننے والی ایک خاتون نے بحث و مباحثے کی ویب سائٹ Redditپر اس واقعے کی ایسی تفصیل بیان کر دی کہ ہر پڑھنے والے کو اس حیوان صفت شخص پر غصہ آ گیا۔ دی سن کے مطابق خاتون نے اپنی شناخت مخفی رکھتے ہوئے بتایا کہ ”میں، میرا شوہر، میری سہیلی اور اس کا یہ شوہر ایک ہی علاقے میں پیدا ہوئے اور پلے بڑھے۔ ہم بچپن ہی سے سے ایک ساتھ کھیلے اور ایک ہی سکول میں پڑھتے رہے۔ میں اپنی اس سہیلی کی شادی میں برائیڈزمیڈ بھی بنی تھی۔“
خاتون نے لکھا کہ ”اب میں 30سال کی ہو چکی ہوں۔ گزشتہ سال ہم خواتین کا ایک گروپ اپنی ایک دوست کی سالگرہ منانے کے لیے ایک جگہ اکٹھے ہوئے۔ کچھ ہی دیر بعد میری سہیلی کا شوہر وہاں آ گیا۔ اس نے بہت زیادہ شراب پی رکھی تھی۔ اس کے آنے پر ہر خاتون بیزار ہو گئی۔ میں وہاں سے اٹھ کر واش روم گئی اور وہ میرے پیچھے آ گیا۔ جب میں ٹوائلٹ سے باہر نکلی تو وہ باہر کھڑا تھا۔ اس نے مجھے گردن سے پکڑ کر دیوار کے ساتھ لگا دیا اور بوس و کنار کی کوشش کی۔ وہ کہنے لگا کہ ’میں جانتا ہوں کہ مجھے تم سے ہی شادی کرنی چاہیے تھی۔‘ اسی اثناءمیں وہاں ایک اور شخص آ گیا۔ ا س کے آنے پر میری سہیلی کے شوہر کی گرفت کچھ کمزور ہوئی اور میں وہاں سے بھاگ نکلی۔آج بھی میں سوچتی ہوں کہ اگر وہ شخص وہاں نہ آتا تو شاید میں جنسی زیادتی کا شکار ہو جاتی۔ میں نے آج تک یہ واقعہ اپنی سہیلی یا اپنے شوہر کو نہیں بتایا۔ میں اپنے شوہر کو بتا دیتی تو وہ اسے قتل کر ڈالتا۔“