ماڑی سے چولستان تک پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائیں گے:عثمان بزدار

ماڑی سے چولستان تک پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائیں گے:عثمان بزدار

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بہاولپور کے علاقے چولستان پہنچے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار  چولستان میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے ریزارٹ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بہاولپور کیلئے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چولستان ڈیزاٹ ریلی 2021کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزاٹ ریزارٹ کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بہاولپور کیلئے سیاحتی ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بہاولپور کے مختلف مقامات کی سیر کے لئے ڈبل ڈیکر بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈبل ڈیکر بس کا معائنہ کیا اور 300 روپے کی پہلی ٹکٹ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خریدی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سول ہسپتال بہاولپور کے نام کی تبدیلی کا اعلان کیا اور سول ہسپتال بہاولپور کو نواب سر صادق محمد خان عباسی کے نام سے منسوب کیا۔ ڈبل ڈیکر بس سروس کا روٹ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے آفس سے چڑیا گھر تک ہو گا۔ ڈبل ڈیکر بس ایس ڈی ہائی سکول، کمشنر ہاؤس، ڈی سی چوک، بہاول کلب، سی ایم ایچ چوک، میوزیم، سینٹرل لائبریری، بی وی ایچ ہسپتال، فوارہ چوک، نور محل، احمد پوری گیٹ، دراوڑ گیٹ، فرید گیٹ، موری گیٹ اور چڑیا گھر سے ہوتی ہوئی واپس ٹی ڈی سی پی کے ٹرمینل واپس پہنچے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحت میرے دل کے بہت قریب ہے۔ کورونا کے باعث سیاحتی سرگرمیاں ماند رہیں۔ صورتحال میں بہتری آنے پر سیاحتی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام سے کیاگیاایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ ڈبل ڈیکر بس سروس بہاولپور کے شہریوں کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تحفہ ہے۔ لوگ ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے سیاحتی اورتاریخی مقامات کی سیر کرسکیں گے۔ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماڑی سے چولستان تک پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائیں گے۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کا بہت پوٹینشل ہے اور پنجاب سیاحت کے حوالے سے مثالی صوبہ بنے گا۔ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے اور سیاحت کے فروغ کے لئے ضرورت پڑنے پر مزید بسیں بھی فراہم کریں گے۔ ڈبل ڈیکر بسوں کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بھی بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے مختص بجٹ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں ہو سکتا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز تعینات کر دیئے گئے جو مکمل با اختیارہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری ہے جلد اپنی منزل تک پہنچیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دل وش سٹیڈیم میں چولستان ڈیزاٹ ریلی 2021کی تقریب میں شرکت کی۔ پیرا گلائیڈرز نے سٹیج کے قریب نچلی پرواز کرتے ہوئے سلامی دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈرٹ بائیک ریس کا مشاہدہ کیا اور ڈرٹ بائیک ریس میں شریک بائیکرز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوڈ کورٹ اور مقامی دستکاریوں کے سٹالز کا دورہ کیا اور سٹالز پر رکھی اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے الیکشن کا آرڈیننس جاری ہو چکا ہے اور چاہتے ہیں کہ اختیارات جلد نچلی سطح پر منتقل ہوں۔پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات جلد ہوں گے۔ مشیر سیاحت آصف محمود، مقامی پارلیمنٹیرینز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

عثمان بزدار

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے چولستان جاتے ہوئے بورے والا شہر کا فضائی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر پائلٹ نے بورے والا شہر سے گزرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کی لو فلائٹ لی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بورے والا میں شہری سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بورے والا وہاڑی روڈ پر چنوں موڑ سبزی منڈی کے قریب ٹریفک جام ہونے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہیلی کاپٹر سے انتظامی و پولیس حکام سے رابطہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او وہاڑی کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کو کھولنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔افسران اپنی موجودگی میں ٹریفک رواں دواں کرا کر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھتا ہوں۔ٹریفک جام ہونے سے جو ذہنی کوفت اور پریشانی ہوتی ہے اس کا اندازہ افسران نہیں کر سکتے۔ ٹریفک بحال کرانے تک افسران خود ڈیوٹی پر موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں جلد وہاڑی اور بورے والا کا بھی دورہ کروں گا اور خود شہر میں عوام کی سہولتوں کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لوں گا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ریڈیو ابلاغ عامہ کا بہترین اور موثر ذریعہ ہے۔ الیکٹرانک و سوشل میڈیا کی تیزی سے ترقی کے باوجود ریڈیو کی اہمیت اب بھی مسلمہ ہے اور بلاشبہ ریڈیو مستند انفارمیشن کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ وقت کے ساتھ ریڈیو میں بھی جدت آئی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ زمانہ جنگ ہو یا امن، ریڈیو پاکستان نے ہر دور میں نہایت احسن انداز میں ذمہ داری نبھائی۔ ریڈیو پاکستان نے زمانہ جنگ میں اپنے سامعین کو ہر پل کی خبر سے باخبر رکھا خصوصاً 1965 اور 1971 کی جنگ کے دوران ریڈیو پاکستان کا کردار نہایت اہم رہا۔ سردار عثمان بزدار نے چیئرنگ کراس دھماکے کے شہداء کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں شہید ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین، شہید ایس ایس پی آپریشن لاہور زاہد گوندل اور دیگر پولیس اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشن زاہد گوندل نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا اور قوم ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین، ایس ایس پی آپریشن زاہد گوندل اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

پیغام

مزید :

صفحہ اول -