پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف عوام کی مشکلات میں اضافے کیلئے ایک ہی پیج پر ہیں:سراج الحق

پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف عوام کی مشکلات میں اضافے کیلئے ایک ہی پیج پر ...

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف عوام کی مشکلات میں اضافے کے لیے ایک ہی پیج پر ہیں۔ حکومت کے ہزار دنوں میں عوام کی محرومیوں، مایوسیوں اور مصیبتوں میں اضافہ ہوا۔ مہنگائی، کرپشن میں ترقی سے عوام بدحال اور مافیاز کی چاندی ہوئی۔ قوم خوشحال پاکستان کے لیے نوٹ اور ووٹ سے جماعت اسلامی کو سپورٹ کریں۔ وزیراعظم کا یہ بیان کہ تبدیلی کے لیے پانچ سال ناکافی ہیں یہ ان کی ناکامی اور منفی تبدیلی کا اعتراف ہے۔پہلے وزیراعظم نے فرمایا کہ مجھے سو دن دے دیں، پھر کہا چھ ماہ دے دیں، پھر کہا ایک سال دے دیں، اب ہزار دن گزر گئے عوام کی محرومیوں اور مایوسیوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ وزیراعظم نے یوٹرنز زیادہ لیے ہیں یا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ زیادہ بار ہوا ہے۔ ہر روز یہ حکومت عوام کو کرنٹ لگاتی ہے اور ان کی چیخیں نکال رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی فی سبیل اللہ فنڈ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم، ڈپٹی سیکرٹری اظہر اقبال حسن، سید وقاص جعفری، ناظم مالیات جماعت اسلامی نذیر احمد جنجوعہ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور مظہر محمود صدیقی بھی موجود تھے۔انھوں نے کہا کہ قوم نے پیپلزپارٹی، مسلم لیگ، پی ٹی آئی کی حکومتوں کو آزما لیا۔ ان سٹیٹس کو پارٹیوں نے ان کے ارمانوں کا خون اور قومی وقار کا سودا کیا ہے۔ ان کی حکومتوں میں کرپشن اور غیر ملکی قرضوں نے دن دگنی رات چوگنی ترقی کی ہے۔ عوام آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی کو ووٹ بھی دیں اور نوٹ بھی کیوں کہ جماعت اسلامی نے سیاست کے میدان میں عوام الناس کی جو خدمت کا فریضہ سرانجام دیا ہے وہ روز روشن کی طرح سب پر عیاں ہے۔

 سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -