مادرِ وطن کی حفاظت، چار اور جوان شہید!

مادرِ وطن کی حفاظت، چار اور جوان شہید!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان مقابلے میں چار دہشت گرد مارے گئے تاہم چار سپاہیوں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چار جوان لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر،عزیز اور انیس شہید ہونے والوں میں شامل ہیں،فوج نے علاقہ کلیئر کرانے کا کام شروع کر رکھا ہے۔اس جھڑپ میں جانی نقصان ہوا تاہم دہشت گردوں کی طرف سے کسی بڑی کارروائی سے بچ گئے اور مکین میں جمع اسلحہ برآمد ہوا۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق یہ اسلحہ اور دہشت گرد تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو چاروں طرف سے گھیر کر تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں مزید اسلحہ برآمد ہوا اور مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی، نوجوانوں کی شہادت پر سب نے دُکھ  کا اظہار کیا اور شہیدوں کے لئے دُعا بھی کی گئی۔وزیرستان کو کلیئر کرائے عرصہ ہو گیا اور ان علاقوں سے دہشت گردوں کے خوف سے گھر بار چھوڑ کر جانے والے پھر سے واپس بھی آ چکے ہیں،ان کی حفاظت کے لئے ہی یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔پاک فوج نے شہدا کو  زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا، وزیراعظم، آرمی چیف اور دیگر رہنماؤں نے سپاہیوں کی شہادت کے حوالے سے بھرپور مذمت کی اور کہا ہے کہ دہشت گردی کی بھرپور مذمت ہونا چاہئے۔پاک فوج کی طرف سے ان علاقوں میں حفاظت کے لئے چوکیاں بنا کر سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا۔ عمومی امن کے باوجود یہ کارروائیاں ہوتی ہیں اور یہ دہشت گرد افغانستان سرحد کی طرف سے داخل ہوتے ہیں اور ان کو بھارت اور افغان حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کا صفایا کر دیا، باقی بچے کچھے دہشت گردوں کا بھی صفایا ہو جائے گا، قوم کی طرف سے بھی شہدا کو سلام کہ مادرِ وطن پر جانیں قربان کر گئے۔

مزید :

رائے -اداریہ -