ملتان: جشن بہاراں بھرپور انداز سے منانے کا فیصلہ‘ تیاریاں شروع 

ملتان: جشن بہاراں بھرپور انداز سے منانے کا فیصلہ‘ تیاریاں شروع 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سپیشل رپورٹر)ڈویژنل انتظامیہ ملتان کو پھولوں، روشنیوں کا شہر بنانے کیلئے متحرک ہوگئی۔کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے شہر میں جشن بہاراں، لوک ورثہ میلہ سجانے کیلئے انتظامات کے آغاز کا حکم دے دیا۔اس سلسلے میں کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے پی ایچ اے کو بڑے پیمانے پر قلعہ کہنہ قاسم باغ(بقیہ نمبر41صفحہ 6پر)
، اطراف اور شہر کے ہر پارک، سڑک کے میڈینز پر پھولدار پودے لگانے کا حکم دے دیا۔انہوں نے کہا کہ 22 فروری سے ڈویژنل شجرکاری مہم کا آغاز کیا جائے۔گرین کلین مہم کے تحت لوکل اجناس کے تیار درخت لگائے جائیں گے۔ جبکہ جشن بہاراں میں فلاور شو بھی منعقد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو چوک کمہارانوالہ تا سہو چوک تک لائٹس لگانے کا ٹاسک دیا جاچکا ہے۔اس ایریا کو مکمل روشن کیا جائے گا۔ شہر کی تمام سڑکوں کو روشن کیا جارہا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن خراب پولز تبدیل کر کے سٹریٹ لائٹس فعال کرے گی۔تمام لائٹوں کا فارنزک ٹیسٹ کروایا جائے گا اور غیر معیاری لائٹوں کی صورت میں متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریشن کو مستحکم کرنے کیلئے 1 اسکاوئیٹر، 2 ٹرک خریدنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ریکولیشن برانچ کو مستحکم کرکے انسداد تجاوزات آپریشن میں تیزی لائی جائے گی۔کمشنر ملتان نے پی ایچ اے کو قلعہ کہنہ قاسم باغ کے اطراف جاگنگ ٹریک بنانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اے، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جوائنٹ سپیشل اسکواڈ مرتب کرے۔ پارکوں کے باہر سے تمام کوڑا کرکٹ فوری ہٹوایا جائے۔جبکہ بلڈنگ میٹیریل دکانوں کی شہر میں بھرمار کو کنٹرول کرنے بارے میکنزم بنایا جائے۔ کمشنر نے پی ایچ اے، ضلعی انتظامیہ کو لوک ورثہ میلہ کے فول پروف انتظامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی تفریح کیلئے لوک ورثہ میلہ کو یادگار بنائیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی، ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضا، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فخر الاسلام، ایم ڈی واسا ناصر اقبال، این ایچ اے، ایم ڈی اے اور دیگر ترقیاتی اداروں کے افسران موجود تھے۔ جبکہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان نے مارچ میں جشن بہاراں بھر پور انداز سے منانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ جشن بہاراں میں حصہ لینے کی خواہش مند کمپنیاں ادارے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ سے رابطہ کر سکتی ہیں۔نجی کمپنیوں کا تعاون حاصل کرنے کے لیئے اخبار میں اشتہار دے دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان سید شفقت رضا نے ہارٹیکلچر آفسیران سے ملاقات کے موقع پر کیا۔اس موقع پر چیئر مین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ بھی موجود تھے۔ ڈی جی پی ایچ اے نے مزید کہا کہ اس بار جشن بہاراں کو منفرد انداز سے منائیں گے۔ فیملیز کے لیئے بھر پور تفریح کا سامان کریں گے۔ پھولوں کی نمائش کے ساتھ ساتھ تفریح کا دیگر سامان بھی کریں گے۔ سید شفقت رضا نے مزید کہا کہ پی ایچ اے کی زیر انتظام نرسریز میں پھولوں کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے۔ پھولوں کی پنیریوں کی دیکھ بھال کے لیئے مالی دن رات محنت کر رہے ہیں۔ اس مارچ عوام الناس کو بھر پور تفریح کے موقع فراہم کریں گے۔ پھولوں کو چوکوں اور گرین بیلٹ پر سجائیں گے۔ چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ اس سال ہونے والا جشن بہاراں منفرد ہوگا۔ شہریوں کو تفریح مہیا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ شجر کاری کو بھی فروغ دینے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹیکلچر چوہدری غلام نبی،ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زبھی موجود ہے۔ 
تیاریاں شروع