پولو کلب سپر لیگ 2020ء کی تقریب تقسیم انعامات
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام لاہور پولو کلب سپر لیگ 2020ء کی تقریب تقسیم انعامات گزشتہ روز ایبک پولو گراؤنڈ میں ہوئی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پینٹیرا انرجی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ تیمور، ریمنگٹن فارما کے سی ای او ڈاکٹر فیصل قدیر کھوکھر، لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر آغا مرتضیٰ علی، فیروز گلزار، قبلائی عالم، آغا نجیب رضا اور سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) مدثر شریف موجود تھے۔ لاہور پولو کلب میں 2020ء میں تین گول کی سپر لیگ کھیلی گئی جو کہ 2021ء کی لیگ دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔ لیگ میں کسی ٹیم نے 12 اور کسی نے 14 میچز کھیلے۔ ریمنگٹن سٹارز کی ٹیم نے 12 میچوں میں سے 10 جیتے جن میں سے 10 جیتنے دو ہارے اور 32.5 پوائنٹس لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، انہیں ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا گیا۔ ریمنگٹن سٹارز میں بازل فیصل کھوکھر، راجہ جلال ارسلان، بلال حیات نون اور آغا موسیٰ علی خان شامل تھے۔ دوسرے نمبر پر لیگ میں گارڈ رائس کنگز کی ٹیم رہی جنہوں نے 12 میں سے تین میچ ہارے جبکہ 9 جیتے اور ان کے پوائنٹس 31 رہیتیسرے نمبر پر عثمان عزیز انور کی شیخو واریئرز کی ٹیم رہی جس نے 14 میچز کھیلے جن میں سے 12 جیتے دو ہارے اور 30.5 پوائنٹس حاصل کیے اور 25 ہزار روپے انعام حاصل کیا۔ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے کھلاڑی کا انعام فراست علی چٹھہ کو دیا گیا جن کا تعلق شیخو واریئرز سے تھا۔ ان کو شیلڈ اور گولڈ سیڈل انعام دیا گیا۔ شیخووایئرز میں عثمان عزیز انور، فراست علی چٹھہ، لیفٹیننٹ کرنل عمر منہاس اور راجہ ارسلان نجیب شامل تھے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ریمنگٹن سٹارز کے آغا موسی علی خان کو پلاٹینم سیڈل دیا گیا۔ لیگ میں چوتھی پوزیشن ذکی فارمز، پانچویں اطہر مارکیٹنگ چیمپئنز، چٹھی ہنڈا چناب کولٹی، ساتویں ریمنگٹن گلیڈی ایٹرز، آٹھویں اے آر پی آر سکف، نویں بلیک ہارس پنیٹس، دسویں نیشنل کوٹن جبکہ گیارہویں پوزیشن نگینہ گروپ کی ٹیم نے حاصل کی۔