حکومت ویلنٹائن ڈے جیسے بیہودہ تہوار پر پابندی لگائے،مجاہد عبدالرسول
لاہور(نمائندہ خصوصی)صدر سنی تحریک پنجا ب مذہبی سکا لر علامہ مجاہد عبدالر سو ل نے کہاہے کہ حکومت ویلنٹائن ڈے جیسے مغربی بیہودہ تہوار پر پابندی لگائے،ملک بھر میں ویلنٹائن ڈے کے نام پر کسی کو عریانی،فحاشی اور بے حیائی پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے،مغربی ثقافتی یلغار نے اخلاقی اقدار کو برباد کر دیا،شرم و حیا ایمان کی علامت ہے۔
ان خیالا ت کااظہارانہو ں نے سنی تحریک پنجا ب کے علما ء اجلا س میں گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ انہو ں نے کہا کہ یہودو نصاری نے ایک سازش کے تحت اسلامی شعائر کے خلاف مہم کا آغاز کر رکھا ہے اور مسلمان لاعلمی میں اس کا حصہ بن رہے ہیں، ویلنٹائن ڈے غیر اسلامی تہوار ہے جو ایک یہودی شخص ویلنٹائن کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ مدینہ کی اسلامی ریا ست کی ثقافت اور اسکا کلچر، بے حیائی، عریا نی اور رقص و سرور سے مکمل پا ک تھا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام ویلنٹائن ڈے جیسے اخلاق سوز تہواروں کی اجازت نہیں دیتا، اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان میں مغربی ماحول پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، پوری قوم اور مسلم نوجوان ویلنٹائن ڈے کا بائیکاٹ کریں۔