خطر ناک جانوروں نے شاہدرہ کی آباد یوں کا رخ کرلیا: مقامی افراد خوف کا شکار
لا ہور(سٹی رپورٹر)شاہدرہ میں رات کے اوقات میں خطرناک جانوروں کے جھنڈ منڈلانے لگے،گنجان آبادیوں میں سہہ،لومڑی،اور سوروں کی آمدورفت نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر دیا، شاہدرہ کے مکینوں کا محکمہ وائلڈ لائف کے حکام سے فوری کارروائی کامطالبہ،تفصیلات کے مطابق دریائے کے کنارے منی جنگلات میں ایسے جانوروں کی بھرمارہے،اکثر اوقات ان جانوروں نے آبادیوں میں گھس کر مقامی افراد کو نقصان پہنچایا ہے،شہریوں کے مطابق آج کل قاضی پارک، جعفری پارک،بوہڑ والا چوک،جہانگیر کالونی کے علاقوں میں خطرناک ”سہہ“کے جھنڈ رات 12 بجے کے بعد گلیوں بازاروں میں نکل آتے ہیں اور ایمرجنسی کے عالم میں گھروں سے باہر نکلنے والے افراد پر حملہ کر دیتے ہیں،قاضی پارک میں نظر آنے والی لومڑی نے بھی بچوں بڑوں کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔اس حوالے سے مقامی سماجی رہنما اقبال خان کا کہنا ہے کہ شاہدرہ ایک گنجان آبادی ہے اور یہاں لاکھوں کی تعداد میں شہری آباد ہیں ان جانوروں کی موجودگی نے علاقہ بھر میں خوف پھیلا رکھا ہے لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے کترانے لگے ہیں،رات کے اوقات میں ڈیوٹی سے آنے والے افراد اس صورتحال سے زیادہ خوفزدہ ہیں۔اس لے لئے متعلقہ انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پرکارروائی کرتے ہوئے ان جانوروں کو پکڑکرچڑیا گھروں میں منتقل کرنا چاہیے تاکہ عوام خوف کی فضا سے باہر نکل سکیں۔