محکمہ خوراک نے ریکارڈ کی عدم موجودگی پر 5ڈیلروں کا کوتہ معطل کردیا:میاں خلیق الرحمان

محکمہ خوراک نے ریکارڈ کی عدم موجودگی پر 5ڈیلروں کا کوتہ معطل کردیا:میاں خلیق ...

  

 پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک نے ریکارڈ کی عدم موجودگی پر 5 آٹا ڈیلروں کے کوٹے کو معطل کردیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ واجد علی اور محمد خالد نے شہر بھر کے مختلف علاقوں میں قائم فلور ملوں اور آٹا ڈیلروں کی دکانوں کے دورے کئے اور آٹے کی پسائی و سرکاری آٹے کی ترسیل کا جائزہ لیا اور ریکارڈ کو بھی چیک کیا۔ ریکارڈ کی عدم موجودگی پر 5 آٹا ڈیلروں کے کوٹے معطل کردیئے۔ اسی طرح شہریوں سے سرکاری آٹے کی دستیابی اور نرخوں بارے بھی آگاہی حاصل کی جس پر شہریوں نے مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی پر حکومت اور محکمہ خوراک کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے اپنے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ شہریوں کو سرکاری کوٹے کے تحت 860 روپے میں بیس کلو آٹے کا تھیلہ مہیا کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو گھر کی دہلیز پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کی خاطر صوبے بھر کیلئے آٹے کا کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں کہیں پر بھی آٹے کا بحران نہیں ہے جبکہ پنجاب سے آنیوالے آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے جو آئندہ دنوں میں مزید کم ہو جائیں گی 

مزید :

صفحہ اول -