سینیٹ انتخابات‘ زبیر علی کے ٹیکنوکریٹ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع
پشاور(سٹی رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء حاجی زبیر علی نے سینٹ انتخابات میں ٹیکنوکریٹ سیٹ کیلئے کاغذات نامزدگی فارم جمع کردیا۔ اس موقع پر سابق سینیٹر و سابق ضلع ناظم پشاور حاجی غلام علی‘ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماء ارباب فاروق جان‘ سجاد خان‘ مصطفی خان‘ ریحان خان‘ مولانا عطاء الحق درویش‘ حاجی عبد الجلیل جان اور دیگر موجود تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں نے کہا کہ حاجی زبیر علی سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی غلام علی اور ان کے فرزند حاجی زبیر علی نے پشاور کے عوام کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت کے قائدین نے زبردست فیصلہ کرتے ہوئے حاجی زبیر علی ٹیکنوکریٹ کا ٹکٹ جاری کیا۔ واضح رہے کہ ان کی نامزدگی کے فارم پر تجویز کنندہ اور تصدیق کنندہ کے دستخط جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنماؤں ملک ظفر اعظم اور میاں نثار گل نے کئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ کامیابی حاصل کرینگے اور عملی طور پر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔