نواز شریف پاکستان آئیں ان کیلئے ایک کے ساتھ 2ٹکٹ فری، غلام سرور
راولپنڈی (این این آئی)وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ استعفے کے بارے میں پی ڈی ایم والے صرف تاریخ ہی دیتے رہے، یہ اپنے اعمال کی وجہ سے ٹھکرائے ہوئے ہیں، پاکستان کے سیاسی ایشو مل بیٹھ کر حل ہو سکتے ہیں۔ہفتہ کویہاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے غلام سرور نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پروجیکٹ نہ صرف ٹریفک کا مسئلہ حل کرے گا بلکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا جو شہر کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ رنگ روڈ سے راولپنڈی، اسلام آباد اور اٹک کے تین شہروں کو براہ راست جوڑا جائے گا۔جبکہ چکوال اور جہلم کے باشندے بھی اس سے مستفید ہوں گے جبکہ جب یہ سی پیک روٹ کا حصہ بن جاتا ہے تو اس منصوبے کی اہمیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پروجیکٹ کی تجویز کردہ لمبائی 64کلو میٹر ہے، اور راوت میں ریڈیو پاکستان کے قریب این 5سے شروع ہوگی۔ انہو ں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا وعدہ تھا کہ نئے ڈیم بنیں گے،چھوٹے ڈیم بھی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔راولپنڈی کی ترقی کے لئے لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈ میگا پراجیکٹ علاقے کی تقدیر بدل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ استعفے کے بارے میں پی ڈی ایم والے صرف تاریخ ہی دیتے رہے۔وہ اپنے اعمال کی وجہ سے ٹھکرائے ہوئے ہیں۔ٹی ایل پی والوں کے ساتھ ہم نے معاملات احسن طریقے سے حل کئے ہیں۔ان کے مسائل ہمارے مسائل ہیں۔ نواز شریف کو آفر دیتا ہوں کہ وہ پاکستان آئیں ان کے لئے ایک کے ساتھ دو ٹکٹ فری۔
غلام سرور