مراد علی شاہ تیار رہیں ہمارا بھی گرینڈ سرپرائز تیار ہے،خرم شیر

مراد علی شاہ تیار رہیں ہمارا بھی گرینڈ سرپرائز تیار ہے،خرم شیر

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے دعوے ایسے ہی ہیں جیسے 13 سالوں میں سندھ کی ترقی۔ مراد علی شاہ تیار رہیں ہمارا بھی گرینڈ سرپرائز تیار ہے۔پیپلز پارٹی کے ایک درجن سے زائد اراکین تبدیلی پسند امیدواروں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انصاف ہاؤس سے جاری بیان میں کیا۔خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سینٹ الیکشن کے بعد سندھ میں بھی تبدیلی آجائے گی۔وزیر اعلیٰ سندھ اپنے الوداعی دورے کررہے ہیں،سندھ میں مزید میر جعفر کی حکمرانی نہیں چل سکتی۔اومنی گروپ کے منشی کے سارے راستے اب بند ہوچکے ہیں،سندھ کے گلی کوچوں سے کچرے کی طرح پی پی کو صاف کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی حالت زار پیپلز پارٹی کی ناکام حکومت کی ترجمانی کر رہی ہے۔ وزیر اعلی سمیت پیپلز پارٹی کے تمام اراکین نے سوائے کرپشن کے کوئی کام نہیں کیا۔سندھ کی سڑکیں کسی آفت زدہ شہر کی طرح ہوگئی ہیں، سندھ کے اسپتال ہو یاتعلیمی ادارے ایک ایک شعبہ تباہ حالی کا شکار ہے۔ وزیر اعلی سندھ صوبے کی عوام کو سنہرے خواب دکھاتے ہیں اور عملدرآمد کے وقت سارا فنڈ ہڑپ کر جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سندھ پر خصوصی توجہ ہے لیکن پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ سندھ کے لوگوں کے مسائل حل ہوں۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت وفاقی حکومت کے ہر اچھے کام کی مخالفت کرتی ہے۔ یہ وقت تبدیلی اور انصاف کا ہے، سندھ کی عوام کے ساتھ انصاف ہوگا اور انہیں تمام بنیادی حقوق فراہم کیے جائینگے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -