فیصل آباد میں بسنت بھر پورا نداز میں منائی گئی منچلے ہوائی فائرنگ کرتے رہے
فیصل آباد(کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب کے واضح حکم کے باوجود فیصل آباد پولیس شہر بھر میں حکومتی رٹ منوانے میں ناکام رہی اور شہریوں کی جانب سے بھی تمام پابندیاں ہوا میں اڑا دی گئیں۔فیصل آباد میں بسنت بھرپور طریقے سے منائی گئی شہر بھر کے مختلف علاقوں جھال‘ ریلوے کالونی‘ مدینہ ٹاؤن‘ منصورہ آباد‘ شریف پورہ‘ محمد آباد‘ فیکٹری ایریا‘ غلام محمد آباد سمیت شہر بھر میں منچلوں کی جانب سے بسنت بھرپور انداز میں منائی گئی۔ پولیس پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرنے میں ناکام نظر آئی اور ہواؤں میں بو کاٹا کی آوازیں سننے کو ملتی رہیں جبکہ فیصل آباد پولیس کی جانب سے اعلیٰ حکام کو”سب اچھا“ کی رپورٹ بھجوا دی گئی جس میں زیادہ کارروائی پتنگ فروشوں کیخلاف کی گئی تھی۔ پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گئے بہت سے ملزمان کورات گئے ”تگڑی سفارش“ یا ”نذرانے“ لیکر چھوڑ دیا گیا۔۔ پولیس کی جانب سے پکڑی گئی پتنگوں کو تلف کیا گیا لیکن بعض پولیس والوں نے اچھی اور بڑی پتنگوں کو تلف کرنیکی بجائے اپنے پاس ہی رکھ لیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے چند ایک ملزمان کو مقامی سیا ستدانوں کے اثر و رسوخ کی وجہ سے بغیر کسی قانونی کارروائی کے چھوڑ دیا گیا۔
فیصل آباد،بسنت