وزیر اعلیٰ نے بہاولپور کیلئے ڈبل ڈیکر بس سروس سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کردیا،سول ہسپتال بہاولپور نواب سر صادق محمد خان عباسی کے نام سے منسوب

وزیر اعلیٰ نے بہاولپور کیلئے ڈبل ڈیکر بس سروس سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بہاولپور (بیورو رپورٹ‘ ڈسٹرکٹ رپورٹر)  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بہاولپور کے علاقے چولستان پہنچے۔ وزیراعلی عثمان بزدار  چولستان میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے ریزارٹ گئے اوربہاولپور کیلئے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے چولستان ڈیزارٹ ریلی 2021کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزارٹ ریزارٹ اور بہاولپور کیلئے سیاحتی ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈبل ڈیکر بس کا معائنہ کیا اور 300 روپے کی پہلی ٹکٹ خریدی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سول ہسپتال بہاولپور کے نام کی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے سول ہسپتال بہاولپور کو نواب سر صادق محمد خان عباسی کے نام سے منسوب کیا۔ ڈبل ڈیکر بس سروس کا روٹ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے آفس سے چڑیا گھر تک ہو گا۔ ڈبل ڈیکر بس ایس ڈی ہائی سکول، کمشنر ہاؤس، ڈی سی چوک، بہاول کلب، سی ایم ایچ چوک، میوزیم، سینٹرل لائبریری، بی وی ایچ ہسپتال، فوارہ چوک، نور محل، احمد پوری گیٹ، دراوڑ گیٹ، فرید گیٹ، موری گیٹ اور چڑیا گھر سے ہوتی ہوئی ٹی ڈی سی پی کے ٹرمینل واپس پہنچے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کے باعث سیاحتی سرگرمیاں ماند رہیں۔ صورتحال میں بہتری آنے پر سیاحتی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام سے کیاگیاایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ ڈبل ڈیکر بس سروس بہاولپور کے شہریوں کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تحفہ ہے۔ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماڑی سے چولستان تک پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائیں گے۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کا بہت پوٹینشل ہے اور پنجاب سیاحت کے حوالے سے مثالی صوبہ بنے گا۔ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدام اور سیاحت کے فروغ کے لئے ضرورت پڑنے پر مزید بسیں بھی فراہم کریں گے۔ ڈبل ڈیکر بسوں کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بھی بڑھائیں گے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے مختص بجٹ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں ہو سکتا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز تعینات کر دیئے گئے جو مکمل با اختیارہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دل وش سٹیڈیم میں چولستان ڈیزاٹ ریلی 2021کی تقریب میں شرکت کی۔ پیرا گلائیڈرز نے سٹیج کے قریب نچلی پرواز کرتے ہوئے سلامی دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈرٹ بائیک ریس کا مشاہدہ کیا اور ڈرٹ بائیک ریس میں شریک بائیکرز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے فوڈ کورٹ اور مقامی دستکاریوں کے سٹالز کا دورہ کیا اور سٹالز پر رکھی اشیا میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ چولستان ڈیزاٹ ریلی کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ اور متعلقہ ادارو ں کو مبارکباد دیتا ہوں۔چولستان ڈیز اٹ ریلی میں عوام کی دلچسپی خوش آئند ہے اور ایسے ایونٹس پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی کرائیں گے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے چولستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کو وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ٹی ڈی سی پی کو جتنے وسائل چاہئیں، میں دینے کیلئے تیار ہوں۔چولستان میں واٹر سپلائی کیلئے 200 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ چولستان میں مقامی اساتذہ کو بھرتی میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ چولستان میں ویٹرنری کے شعبے کا کوٹہ بھی بڑھائیں گے۔چولستان اور اس طرح کے دیگر علاقوں کیلئے آف گرڈ بجلی فراہم کی جائے گی۔میڈیا مسائل کی نشاندہی کرے، فوری ایکشن لوں گا۔میڈیا سے متعلقہ ایشوز کی انکوائری کرائی جائے گی۔ سینیٹ کے الیکشن کیلئے امیداورو ں کا اعلان ہو چکا ہے اور انشا اللہ سینیٹ الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے الیکشن کا آرڈیننس جاری ہو چکا ہے اور چاہتے ہیں کہ اختیارات جلد نچلی سطح پر منتقل ہوں۔پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات جلد ہوں گے۔ مشیر سیاحت آصف محمود، مقامی پارلیمنٹیرینز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سول ہسپتال بہاولپور 

مزید :

صفحہ اول -