محمد حفیظ نے ٹیم مینجمنٹ اوربورڈ سے سرفراز کی شکایت لگا دی
کراچی(ویب ڈیسک) محمد حفیظ نے ٹیم مینجمنٹ اوربورڈ سے سرفراز احمد کے رویئے کی شکایت لگا دی اور کہا ہے کہ محمد رضوان کیلئے عام سی تعریفی ٹویٹ کو غلط رنگ دیا گیا، گوکہ سرفراز احمد نے براہ راست تو یہ جملہ نہیں کہا لیکن ان کی ایک بات سے تاثر سامنے آیا جیسے وہ حفیظ کو منفی سوچ سے بچنے کا مشورہ دے رہے ہیں، اس پر چراغ پا آل راؤنڈر نے ٹیم مینجمنٹ کے ارکان سے رابطہ کرکے اپنے تحفظات کا اظہار کردیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق حفیظ کا پی سی بی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں البتہ سرفراز احمد سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹر ہیں، بورڈ کسی کیخلاف فی الحال کوئی ایکشن لینے کا ارادہ نہیں رکھتا ، البتہ تمام زیرمعاہدہ کرکٹرز کو ایک بار پھر سوشل میڈیا پالیسی پر عمل درآمد کی یاد دہانی کرائی جائے گی۔ایکسپریس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ محمد حفیظ اور سرفراز احمد کے تعلقات کبھی مثالی نہیں رہے،آل راؤنڈر سابق کپتان کو اکثر اپنے انٹرویوز میں نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں، سرفراز نے کافی عرصے برداشت کیا مگر اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو ڈھکے چھپے الفاظ میں جوابی وار کر دیا۔