اڈیالہ جیل سے سلاخیں کاٹ کر فرار ہونے کا قیدیوں کا منصوبہ ناکام ہو گیا ، لیکن کس طرح ؟ جانئے
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن )اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی جیل سلاخیں کاٹ کر فرار ہونے کی سازش ناکام بنا دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل راولپنڈی میں قیدیوں سے ملاقات کے آنے والے لوگوں کے ملنے کا سلسلہ جاری تھا کہ خالد خان نامی قیدی سے ملاقات کے لیے اس کا سوتیلا بیٹا امان عباسی جیل پہنچا۔امان عباسی نے قیدی کے لیے لایا جانے والا کھانا اور دیگر سامان بھی جمع کرایا جس کی چیکنگ کے دوران پکے ہوئے چاولوں سے لوہا وسلاخیں کاٹنے کے لیے استعمال ہونے والی آری کا تیز دھار بلیڈ برآمد ہوا جس پر ملاقاتی کو قابو کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔
اسٹنٹ سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ثاقب امین کا کہنا تھا کہ آری کا تیز دھار بلیڈ جیل کے اندر کسی بڑے واقعہ کا سبب بن سکتا تھا۔ ایس ایچ او صدر بیرونی نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کا سوتیلا والد منشیات کے مقدمے میں جیل میں اسیر ہے۔