سینیٹ انتخابات ،ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ سے ٹیکنو کریٹ اور جنرل نشست پر کامیابی حاصل کرنے کا حیران کن دعویٰ کردیا 

سینیٹ انتخابات ،ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ سے ٹیکنو کریٹ اور جنرل نشست پر ...
سینیٹ انتخابات ،ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ سے ٹیکنو کریٹ اور جنرل نشست پر کامیابی حاصل کرنے کا حیران کن دعویٰ کردیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے تیسرے دن سندھ سے متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم) پاکستان کے 2 امیدواروں ڈاکٹر شہاب امام اور  سبین غوری نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے،  ڈاکٹر شہاب امام نے میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ جنرل نشست اور ٹیکنو کریٹ پر کامیابی حاصل کریں گے،یہ کامیابی کس طرح حاصل کرنی ہے اور کس سے بات کرنی ہے؟ یہ ہمارے رہنما بہتر جانتے ہیں، میں اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔

واضح رہے کہ سندھ میں سے اب تک پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے )پیر کو اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے،سوموار کو  سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان جماعتوں کے مجموعی طور پر 23 امیدواروں کے کاغذات جمع ہوئے ہیں۔

پیپلز پارٹی نے سینیٹ کی تینوں کیٹگریز پر 13 امیدواروں کے نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں۔ جنرل نشست پر صادق علی میمن، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، دوست علی جیسر، جام مہتاب حسین، تاج حیدر اور  شہادت اعوان کے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں جبکہ پلوشہ زئی خان، رخسانہ پروین اور خیرالنسا کے کاغذات نامزدگی خواتین کی مخصوص نشست پر جمع کرائے گئے ہیں، ٹیکنو کریٹ کی نشست پر فاروق ایچ نائیک، شہادت اعوان، ڈاکٹر  کریم احمد خواجہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم نے مجموعی طور پر جنرل، ٹیکنو کریٹ اور خواتین کی نشستوں پر 9 امیدواروں کے 10 کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ جنرل نشست پر رؤف صدیقی، فیصل سبزواری، عبدالقادر خانزادہ، خواجہ سہیل منصور اور ڈاکٹر ظفر کمالی کی نامزدگی جمع ہوئی ہے۔ ٹیکنو کریٹ پر رؤف صدیقی،سید خصر عسکر زیدی اور ڈاکٹر شہاب امام کے فارم جمع کرائے گئے ہیں۔ خالدہ اطیب اور سبین غوری خواتین کی نشست پر ایم کیو ایم کی امیدوار ہیں۔