میاں اسلم اقبال نے مسلم لیگ ن کو پنجاب کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بڑا دعویٰ کردیا 

میاں اسلم اقبال نے مسلم لیگ ن کو پنجاب کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بڑا ...
میاں اسلم اقبال نے مسلم لیگ ن کو پنجاب کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بڑا دعویٰ کردیا 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما اورصوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ سینٹ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف اپنی عددی اکثریت کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی، سیاست کو کاروبار بنانے والی اپوزیشن کو ہر محاذ کی طرح سینٹ انتخابات میں بھی شکست ہوگی،  پنجاب میں برسوں تک حکمرانی کرنے والی ن لیگ نے صوبے کا بیڑا غرق کر دیا،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پرتوجہ دینے کی بجائے ذاتی تشہیر پر وسائل برباد کئے گئے ،پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو تعلیم، صحت، صاف پانی اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کے منصوبے بنائے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے حلقے میں  جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمیاں اسلم اقبال نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول اور اجناس کی قیمتیں بڑھنے کے اثرات پڑتے ہیں، ماضی کی غلط پالیسیوں اور بجلی کے مہنگے منصوبوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا تاہم موجودہ حکومت کی درست ترجیحات اور موثر اقدامات کے باعث آنیوالے وقت میں عوام کو ریلیف ملے گا، قومی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے جس کافائدہ عام آدمی کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سہولت بازار عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے عارضی طور پر لگا ئے گئے،  ماڈل بازاروں کی تعداد بڑھانے کا پلان بن چکا ہے اور صوبے کی تمام تحصیلوں میں ماڈل بازار بنائے جارہے ہیں،مارکیٹ کمیٹیاں اپنا کام کر یں ،کسی کو ماڈل بازاروں اور سستے بازاروں میں لگائے گئے سٹالوں سے پیسے بٹورنے کیلئے داخل نہیں ہونے دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ شہر میں روزانہ پانچ سے سات ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے،لاہور ویسٹ مینجمنٹ کارپوریشن( ایل ڈبلیوایم سی) کی صفائی مہم کے تحت روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھایا جارہا ہے، ایل ڈبلیوایم سی کی  70فی صد ناکارہ مشینری کو کارآمد بنایا گیا ہے، کم لاگت میں لاہور کی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں ،کم لاگت میں لاہور کی صفائی کا بہتر نطام بنالیا ہےجوجلد ہی وزیر اعلیٰ کو منطوری کیلئے پیش کردیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -