اساتذہ کے مسائل کا حل اور ان کے بچوں کی تعلیم کے لیے معیاری پبلک سکول کا قیام اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن (اے ایس اے) کے سالانہ انتخابات سال 2021 کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری، ٹیچر الائنس کے پلیٹ فارم سے ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری صدر کی نشست پر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔
انتخابی مہم کے دوران ڈاکٹر ممتاز انور نے منشور بیان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی خود مختاری، اساتذہ کے لیے طبی سہولیات اور یونیورسٹی ایگزیکٹو کلب میں اساتذہ کیلئے مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ مزید برآں انہوں نے یونیورسٹی میں اصلاحات لانے اور اساتذہ کی بہتری کیلئے مثبت اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ڈی ایڈمشن پالیسی پر اساتذہ کو بالکل اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نا یہ پالیسی کسی صورت سود مند ہے، اس میں بہتری لانے کیلئے ٹیچر الائنس اہم کردار کرے گی۔
واضح رہے کہ اے ایس اے کے سالانہ انتخابات 18 فروری کو ہونے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹرممتاز انور چوہدری دو مرتبہ اے ایس اے کے صدر منتخب ہو چکے ہیں۔