حب ،پی بی 21 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران فائرنگ ، 2افراد جاں بحق، 12زخمی
حب(ڈیلی پاکستان آن لائن)بلوچستان کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 21 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران فائرنگ سے 2افراد جاں بحق جبکہ 12زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی حب منظور بلیدی کاکہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ سوک سینٹر کے باہر پیش آیا ، بلوچستان اسمبلی کی حب سے نشست کی دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے حوالےسے لوگ سوک سینٹر کے باہر جمع ہوئے تھے ،فریقین کو دور رکھنے کیلئے اقدامات کئے گئے لیکن اس دوران بعض شرپسندوں نے فائرنگ کی ،فریقین کے درمیان فائرنگ سے 2افراد جاں بحق اور 12زخمی ہو گئے ، شدید زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد علاج کیلئے کراچی منتقل کیا گیا ۔
ایس ایس پی حب کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے الزام میں تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے کلاشنکوف برآمد کرلیا گیا ،صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے فرنٹیئر کور کی بھی تعیناتی کی گئی ہے ۔