سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز نے حلف اٹھا لیا

سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز نے حلف اٹھا لیا
سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز نے حلف اٹھا لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز نے حلف اٹھا لیا۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جہاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قائم مقام چیف جسٹس محمد جنید غفار سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں جسٹس ظفر راجپوت، جسٹس ظفر اقبال، جسٹس یوسف سید، جسٹس امجد سہتو، آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس آغا فیصل، جسٹس ثناء اکرم منہاس بھی شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ جسٹس جنید غفار 14 ستمبر 1963 میں پیدا ہوئے، 1990 میں وکالت کی ڈگری حاصل کی جبکہ 2013 میں سندھ ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج تعینات ہوئے۔

جسٹس جنید غفار چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس صلاح الدین پنہور کی سپریم کورٹ میں ترقی کے بعد سندھ ہائی کورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔

دوسری جانب جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے عہدہ کا حلف اٹھا لیا۔

 گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے حلف لیا، تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور بھی شریک ہوئے۔

حلف برداری تقریب میں پشاور ہائیکورٹ کے ججزصاحبان، وکلاء سمیت دیگر بھی شریک تھے۔