صدر نے بلوچستان میں دو ماہ کے لیے گورنر راج کے نفاذکا فرمان جاری کر دیا

صدر نے بلوچستان میں دو ماہ کے لیے گورنر راج کے نفاذکا فرمان جاری کر دیا
صدر نے بلوچستان میں دو ماہ کے لیے گورنر راج کے نفاذکا فرمان جاری کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں 2 ماہ گورنر راج کے نفاذ کے لئے فرمان جاری کر دیاجس کے بعد اب گورنر ذوالفقار مگسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہونگے۔ فرمان کے مطابق کابینہ کو کام سے روک دیا گیا۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے منظوری کے بعد صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کا فرمان جاری کر دیا ہے اور وزیر اعلیٰ سمیت تمام صوبائی وزراءکو کام سے روک دیا گیا ہے۔ صدر نے گورنر بلوچستان کو تمام حکومتی اختیارات سنبھالنے کی ہدایت کر دی ہے۔ صدارتی فرمان کے مطابق بلوچستان میں ساٹھ دن تک گورنر راج نافذ رہے گا اور اگر پارلیمنٹ چاہے تو اس میں 2,2 ماہ کی توسیع کرسکتی ہے تاہم 6 ماہ سے زائد کسی بھی صورت میں گورنر راج نہیں ہوگا۔ صدارتی فرمان کے مطابق آئندہ 60 دنوں تک گورنر ذوالفقار مگسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہوں گے۔دوسری جانب صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دورے کا فیصلہ کیا۔ دورے کے دوران صدر زرداری بلوچستان میں امن و امان کی خراب صورتحال ، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ ، لاپتہ افراد، ترقیاتی منصوبوں ، آغاز حقوق بلوچستان اور بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔