سائنس اور ریسرچ ہمیں اچھا مسلمان بننے سے نہیں روکتے، پروفیسر محمد اسلم
لاہور( جنرل رپورٹر)وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجر جنرل ریٹائرڈ پروفیسر محمد اسلم نے کہا ہے کہ سائنس اور ریسرچ ہمیں اچھا مسلمان بننے سے نہیں روکتے بلکہ ہمار ا مذہب تو خود تحقیق اور نئی دریافت کی ترغیب دیتا ہے منگل کے روز ایم فل پروگرامز میں داخل ہونیوالے نئے سکالرز سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے دماغوں پر لگے تالے کھولنے ہوں گے اور اپنے اندر کچھ نیا سیکھنے کا جذبہ پیدا کرنا ہوگاانہوں نے مزید کہا کہ بنیادی طبی سائنسز میں میڈیکل سٹوڈنٹس کی دلچسپی بڑھ رہی ہے جس کا ثبوت یہ کہ گزشتہ سال 451طلبہ نے بنیادی طبی سائنسز میں ایم فل پروگرام میں داخلے کیلئے اپلائی کیا تھا۔جبکہ اس سال 550طلبہ نے داخلے کیلئے درخواستیں دیں جن میں سے میرٹ کی بنیاد پر 124طلبہ کو داخلہ دیا گیا۔