پولیو کے قطرے پلانے کیلئے بچوں کو محبوس رکھنے والے افسران کیخلاف کارروائی کا حکم
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج نذر حسین نے نجی سکول کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی خاطر زبردستی 3گھنٹے تک محبوس رکھنے والے ڈی ڈی ایچ اواور ٹی ایم او مسلم ٹاؤن سمیت 15افرادکے خلاف دائر اندراج مقدمہ کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ مسلم ٹاؤن کوقانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت میں سٹی سکول کیمپس کیجانب سے دائر اندراج مقدمہ کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 29اگست 2014کو ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد اکرم اور ٹی ایم او مسلم ٹاؤن امتیاز اعوان نے صبح 10بجے کے قریب زبردستی سکول میں گھس کر پولیوویکسین پلانے کیلئے داخل ہوئے تو انہیں کہا گیا کہ پہلے بچوں کے والدین سے سکول انتظامیہ اجازت لے لے پھر وہ پولیو کے قطرے بچوں کو پلائیں لیکن انہوں نے زبردستی بچوں کو 3گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھااور چھٹی کے وقت انہیں باہر نکلنے کی اجازت دی ،عدالت نے مذکورہ درخواست پر وکلاء کے دلائل سننے کے بعد متعلقہ ایس ایچ او کو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔