و زیر کوآپریٹو کے تعلیمی اداروں کے دورے،سیکیورٹی انتظامات چیک کئے

و زیر کوآپریٹو کے تعلیمی اداروں کے دورے،سیکیورٹی انتظامات چیک کئے

 لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیرکوآپریٹوملک محمد اقبال چنٹر نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پرشہر کے مختلف سکولوں اور کالجوں میں تدریسی عمل اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اچانک دورے کئے ان دوروں میں فرداً فرداً طلبا اور اساتذہ سے بھی ملے اور سکولوں کی حدود بندی اور ان میں کئے جائے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا سکیورٹی اہلکاروں اور ان کے اسلحہ کی بھی چیکنگ کی اس موقع پر ان کے ہمراہ کمشنر، ڈی سی او محکمہ تعلیم اور پولیس افسران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ صوبائی وزیر اقبال چنٹر نے سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمومی تعلیم کے سکولوں ، کالز اور یونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم کے ادارے ، سپیشل ایجوکیشن اور میڈیکل کالجز کے علاوہ کالجز اور یونیورسٹیوں سمیت معروف نوعیت کے اداروں کو بھی سکیورٹی انتظامات کی چیک لسٹ کے دائرہ کار میں شامل کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل کمشنرز، ڈی سی او، آر پی او، صوبائی وزراء اور انتظامی سیکرٹریوں کے اضلاع میں قیام کے دوران انسپکشن کے لیے روڈ میپ فراہم کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا حکومت نے سکیورٹی سے متعلقہ اخراجات کی مد میں ہر ضلع کے ڈی سی او کو مطلوبہ فنڈز جاری کردئیے گئے ہیں جن کا مناسب ترین استعمال مقامی منتخب نمائندوں اور سکول کونسلز کی مشاورت سے ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی وزراء اور سیکرٹریز متواتر دس روز تک سکولوں کی چیکنگ کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سکیورٹی انتظامات میں ناقص کارکردگی دکھانے والے سکولوں کی انتظامات کے خلاف سخت ایکشن لیں۔صوبائی وزیر ملک اقبال چنٹر نے شہر بھر کے مختلف سکولوں کالجو ں اور فنی اداروں میں چیکنگ کے دوران بچوں سے ملاقات میں کہا کہ ہمارے بچوں کے حوصلے بلند ہیں دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم کا عزم پہلے سے بھی بڑھ کر مضبوط ہوگیاہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1