سیرت طیبہؐ مخلوق خدا کیلئے تا قیامت مشعلٖ راہ ہے‘ رفیق تاڈر

سیرت طیبہؐ مخلوق خدا کیلئے تا قیامت مشعلٖ راہ ہے‘ رفیق تاڈر

 لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) آپﷺ کی تشریف آوری اس زمانے کے فرعون صفت استحصالی طبقات کیلئے پیام اجل ثابت ہوئی آپؐ نے اپنی تعلیمات‘ اخلاق اور کردار سے ایک ایسا انقلاب برپا فرما دیا کہ عرب معاشرے کی کایا پلٹ گئی۔ پیغمبر اعظم و آخرﷺ کی سیرتِ طیبہ مخلوقِ خدا کیلئے تاقیامت مشعلِ راہ ہے ہمیں پورے دل و جان سے حضور پاکؐ کی ایک ایک سنت کو اپنی زندگیوں میں جاری و ساری کرنا چاہیے آج طاغوتی طاقتوں نے پاکستان کو چاروں اطراف سے گھیرا ہوا ہے ،پوری قوم کوان طاغوتی طاقتوں کیخلاف متحد ہونا ہو گا پاکستان کو ان دنوں جن مسائل کا سامنا ہے‘ اُن کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے نامور کارکن ،سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں تقریبات عید میلادا لنبیؐ کے سلسلے میں دو روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس کے پہلے روز افتتاحی سیشن میں اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے کہ اس نے ہمیں اپنے حبیب کریم حضرت محمد مصطفیﷺ کی امت میں پیدا فرمایا۔ ہم پر فرض ہے کہ اس شرف کے اظہار تشکر کے طور پر اپنی زندگی اسوۂ رسولِ رحمتؐ کے مطابق بسر کریں۔ آپﷺ کے ورودِ مسعود سے قبل بنی نوع انسان‘ کفر و شرک اور دیگر ضلالتوں تلے سسک رہی تھی معاشرے کے طاقتور طبقات نے شرفِ انسانیت کو اپنے پاؤں تلے روند رکھا تھا۔ آپؐ کے فضائل و کمالات کا احاطہ کسی انسان کے بس کی بات نہیں تاہم دل و دماغ کو منور کرنے کیلئے ایسی محفلیں مہمیز کا کام کرتی ہیں جہاں آپﷺ کے محاسن کا تذکرہ ہو۔ عیدمیلادالنبیؐ پر ہر مسلمان خوشی سے سرشار ہوتا ہے اور کیوں نہ ہو‘ اس دن شافع روزِ محشر دنیا میں تشریف لائے تھے۔ آپؐ کی ذاتِ اقدس سے محبت و عقیدت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے۔ آپؐ کے اسوۂ حسنہ کو اختیار نہ کرکے ہم اپنی ذات سے دشمنی کے مرتکب ہورہے ہیں اور خود کو رب ذوالجلال کے نزدیک سزا کے مستحق ٹھہرا رہے ہیں۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ خود احتسابی کے ذریعے ہم وہ تمام اعمال ترک کردیں جو آپؐ کے طریقوں سے مطابقت نہیں رکھتے اور ہر وہ عمل حرزِ جاں بنالیں جو آپؐ کے نزدیک پسندیدہ ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1