تعلیمی اداروں کے اوقات وارڈنز ڈیوٹی کرینگے،طیب حفیظ چیمہ
لاہور(وقائع نگارخصوصی) چیف ٹر یفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے عوام کی خدمت اور امن وامان کی صور ت حال کے پیش نظر شہر کے وزٹ کے دوران اہم تعلیمی اداروں کے باہر ڈیوٹی چیک کی ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔اگر کسی سکول کالج کے باہر ریڑھی ،ٹھیلہ یا کوئی تجاوزات ہوئی تو متعلقہ سیکٹر انچارج کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔سی ٹی او نے وزٹ کے دوران ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ اہم شاہراہوں پر واقع سکول ،کالج ،یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں کے باہر صبح سات بجے ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی پر موجود ہونگے جبکہ ڈی ایس پیز اپنے اپنے سرکل میں پٹرولنگ کرتے ہوئے ڈیوٹی چیک کریں گے انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں مزید نفری کی ضرورت ہو تو ڈی ایس پی نفری لے سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی چھٹی کے اوقات میں بھی وارڈنز بھر پور محنت اور ذمہ داری سے ڈیوٹی کریں گے انہوں نے کہا کہ ایس پیزاپنی اپنی ڈویژن میں باقاعدگی سے وزٹ کرتے ہوئے ڈیوٹی چیک کریں گے۔طیب حفیظ چیمہ نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے اور رانگ پارکنگ کے خلاف انسدادی کارروائی کرنے کیساتھ ساتھ مشکوک افراد ،لاوارث ، مشکوک گاڑیوں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری متعلقہ افسران کو دیں۔
طیب حفیظ چیمہ