ہائیکورٹ،کھیل کے میدان ختم کرنے پرسربراہ پی ایچ اے سے جواب طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے مینار پاکستان کے علاقے میں کھیل کے تین میدان ختم کرنے کے منصوبے کیخلاف ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے آٹھ فروری تک جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے راوی روڈ کے رہائشی محمد عارف کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکومت مینار پاکستان کے علاقے میں موجود کرکٹ ، فٹبال ، والی بال اور دیگر کھیلوں کے لئے استعمال ہونے والے تین میدان ترقیاتی منصوبوں کو جواز بنا کر ختم کرنا چاہتی ہے،شہریوں کو کھیلوں کیلئے اور صحت مندانہ تفریح کیلئے سہولتیں اور مواقع فراہم کرنے کا حکومت کی ذمہ داری ہے، سماعت کے بعد ڈی جی پی ایچ اے اور ایل ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آٹھ فروری تک جواب طلب کر لیا۔