جماعت اسلامی اورنعیم خان کی طرف سے یاسین یتو کوزبردست خراج عقیدت
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جماعت اسلامی جموں وکشمیراورحریت رہنماء نعیم احمدخان نے شہید کشمیری نوجوان یاسین یتو کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کا ایک وفد ایڈووکیٹ زاہد علی کی سربراہی میں محمد یاسین ایتو کے گھر ناگام چاڈورہ گیا۔وفدنے شہید نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور انکے اہلخانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقعہ پر اسلامی تعلیمات کی روشنی میں موت و حیات کی حقیقت کو بھی واضح کیا گیا اور عوام سے تلقین کی گئی کہ قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام کے نظام رحمت کے قیام میں اپنی تمام صلاحیتوں کو برائے کار لائیں تاکہ یہ خطہ امن و امان کا گہوارہ ہو۔ حریت رہنماء نعیم احمد خان نے بھی چاڈورہ جاکر محمد یاسین یتو کوخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد یاسین یتو نے میدان کار زار میں رہتے ہوئے اپنی جان، جان آفرین کے سپردکی ۔انہوں نے کہاکہ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے تمام کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کے فوجی تسلط سے آزادی کے ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انکی قربانیوں کا تحفظ کریں اور انہیں رائیگاں نہ جانے دیں۔اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے محمدیاسین یتو کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔