کویت،ایران کے لیے جاسوسی،دو افراد کو پھانسی کا حکم

کویت،ایران کے لیے جاسوسی،دو افراد کو پھانسی کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کویت سٹی(کے پی آئی)کویت کی ایک عدالت نے ایران اور لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے لیے جاسوسی کے جرم میں دو افراد کو سزائے موت کا حکم دیا۔ان دونوں مجرموں میں ایک ایرانی اور ایک کویتی ہے۔ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔گزشتہ روزعدالت نے ایرانی شہری کو اس کی عدم موجودگی میں قصور وار قرار دے کر پھانسی کی سزا سنائی۔اس مقدمے میں ان دونوں کے علاوہ چوبیس اور کویتی بھی ماخوذ تھے۔عدالت نے ان میں سے ایک کو قصور وار قرار دے کر عمرقید کی سزا سنائی۔
انیس کویتیوں کو پانچ سے پندرہ سال کے درمیان قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔عدالت نے تین ملزموں کو بری کردیا ہے اور ایک مجرم پر صرف جرمانہ عاید کیا ہے۔کویتی حکام نے اگست 2015 میں ایران سے وابستہ مشتبہ افراد کے ایک سیل کو توڑنے کی اطلاع دی تھی اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ وبارود کی بھاری مقدار پکڑی تھی۔کویتی عدالت نے ان افراد کو جاسوسی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزامات میں قصور وار قرار دے کر ایسے وقت میں سزائیں سنائی ہیں جب ایران اور خلیجی عرب ریاستوں کے درمیان سخت کشیدگی پائی جارہی ہے۔یہ کشیدگی سعودی عرب میں ایک شیعہ مبلغ کا دہشت گردی اور بغاوت کے جرم میں سرقلم کیے جانے پر ایران کی جانب سے سخت ردعمل کے بعد پیدا ہوئی تھی۔مشتعل ایرانی مظاہرین نے 2 جنوری کو تہران میں سعودی سفارت خانے کو آگ لگادی تھی اور مشہد میں سعودی قونصل خانے پر بھی حملہ کیا تھا۔ان واقعات کے بعد سعودی عرب اور بحرین نے ایران سے سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کر لیے ہیں جبکہ کویت اور قطر نے تہران سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -