جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کے قریب خودکش حملہ اورفائرنگ، 2ہلاک ،کئی زخمی
جلال آباد (اے پی پی) افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہارکے دارالخلافہ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کے قریب خودکش حملہ اورفائرنگ کے نتیجے میں دوافراد ہلاک اورکئی زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایاکہ بدھ کو جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کے قریب ایک خودکش حملہ اور نے اس وقت اپنے آپ کو اڑادیا جب ایک پولیس اہلکار نے اسے روکنے کی کوشش کی ۔اس دوران حملہ اور کے باقی ساتھی فائرنگ کرتے رہے ۔انہوں نے کہاکہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ۔انہوں نے کہاکہ جہاں حملہ ہوا وہاں پر پاکستان اوردیگر ممالک کے قونصل خانے واقع ہیں تاہم فی الوقت معلوم نہ ہوسکا کہ حملہ اور کا ٹارگٹ کیا تھا۔ابھی تک کسی گروپ یا تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔