موسم سرما اور عروسی تقریبات میک اپ اور لباس پر توجہ دیں

موسم سرما اور عروسی تقریبات میک اپ اور لباس پر توجہ دیں

اس بار سردیاں اپنے جوبن پر نہیں ہیں۔ موسم سرما کی بارش بھی ابھی تک روٹھی ہوئی ہے۔ فضا کثافتوں سے آلودہ ہو رہی ہے۔ لوگ سرد تازہ ہواؤں سے لطف اندوز ہونے کی بجائے مٹی پھانک رہے ہیں۔ زندگی سے بھرپور مترنم آوازوں کی بجائے کھانسی کی کھوں کھوں ہر سمت سنائی دے رہی ہے۔ بچے نمونیے کا شکار ہو رہے ہیں۔باغات میں رونق کم اور ہسپتالوں میں آمد زیادہ ہو رہی ہے۔ بس ایک بارش ہو جائے تو پورے ماحول میں زندگی کی لہر دوڑ جائے گی۔ کثافتیں دُھل جائیں گی۔ درختوں کا سبزہ روشن ہو جائے گا۔ لوگوں کے دلوں میں سکون بخش راحتیں گھر کر لیں گی اور پورے شہر کی فضا انسانی خوشیوں کی خوشبو سے معطر ہو جائے گی۔ تاہم لوگ بالکل ہمت تو ہارتے نہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ تاریکی کو کوسنے کی بجائے ایک شمع روشن کر دینا بہتر ہے۔ اس لئے زندگی کے میلے ٹھیلے جاری رہتے ہیں۔ موسم سرما شادیوں، بیاہوں کا سیزن ہوتا ہے۔ لباس اور طعام دونوں اسی موسم میں راحت اور مزہ دیتے ہیں۔ دلہنیں اپنی پوشاک پر پورا دھیان دیتی ہیں۔ چہرے کا میک اپ اس موسم میں کسی خدشہ کا شکار نہیں ہوتا اور شادیوں میں شرکت کرنے والے بہترین سے بہترین لباس میں اپنی شخصیت کو ابھارتے ہیں۔

موسم سرما میں دلہنوں کے چہرے کا رنگ و روپ نکھر کر سامنے آتا ہے۔ ہلکا میک اپ بھی چہرے کے زاویوں کو خوب نمایاں کرتا ہے اور حسن و شادابی کی مکمل دیکھ بھال کرتا ہے۔ میک اپ اور لباس پر جس قدر توجہ دی جائے اسی قدر دلہن کا سراپا اپنی تمام تر خوبیوں کے ساتھ سامنے آتا ہے۔ میک اپ اگر اس کے حسن کو نمایاں کرتا ہے تو اس کا لباس اس کی شخصیت میں وقار، متانت اور پسندیدگی لاتا ہے۔ لڑکیوں کے لئے یہ دونوں چیزیں اہمیت رکھتی ہیں۔اس لئے ان کی فکر بجا ہوتی ہے جب وہ میک اپ اور لباس پر دھیان زیادہ دیتی ہیں۔

موسم سرما میں چند احتیاطی تدابیر کے ساتھ آپ اس موسم کی تمام راحتوں اور نعمتوں سے فیض یاب ہو سکتے ہیں۔ یہ موسم آپ کی خفتہ صلاحیتوں کو جلا بخشتا ہے جو خوراک بھی آپ کھاتے ہیں اسے آپ کا جزو بدن بناتا ہے اور جو پوشاک آپ پہنتے ہیں اس سے آپ کی شخصیت نکھارتا ہے۔

خواتین کے لئے سردیوں کا موسم خاص مصروفیات لے کر آتا ہے۔ باورچی خانے سے لے کر ڈرائنگ روم تک اور گھروں سے شادی گھروں تک ان کی سرگرمیوں کو خوب اجاگر کرتا ہے۔ وہ بچوں کی نگہداشت کرتی ہیں اور اپنے کاموں میں خوب سے خوب تر کی تلاش میں رہتی ہیں۔ انہی کے دم سے گھروں رونق ہے اور انہی کے مترنم قہقہوں سے فضاؤں میں جھنکار ہے۔

***

مزید : ایڈیشن 1