نجکاری پالیسی قرضے اتارنے کی بجائے اپنوں کو نوازنے کیلئے ہے، ایس ڈی ثاقب

نجکاری پالیسی قرضے اتارنے کی بجائے اپنوں کو نوازنے کیلئے ہے، ایس ڈی ثاقب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) نجکاری کا عمل قومی مفاد کے خلاف اور پاکستان کے اثاثے بیچنے کے مترادف ہے ۔ حکمرانوں کی نجکاری پالیسی ملکی قرضے اتارنے کی بجائے اپنوں کو نوازنے کیلئے ہے۔ واپڈا بجلی کمپنیاں ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ۔ انٹر نیشنل قانون کے مطابق ہمیشہ ان اداروں کو فروخت کیا جاتا ہے جو خسارے میں ہو ۔ آئیسکو ، لیسکو ، گیپکو اور فیسکو کسی بھی طرح خسارے میں نہیں پھر حکمران ان کو فروخت کرنے پر کیوں تلے ہوئے ہیں ہم پاکستان کے قومی اداروں کو کسی صورت فروخت نہیں ہونے دیں گے ۔ ہم حکومتی نجکاری پالیسی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور پیغام یونین کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں ۔ واپڈا پیغام یونین کے زیر اہتمام اسمبلی ہال کے سامنے لگائے گئے نجکاری کے خلاف احتجاجی علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کے شرکاء سے ایس ڈی ثاقب ، احسان چوہدری، ناہید خان، صفدر عباسی ، میاں مقصود احمد ، پیر مسعود احمد چشتی ،اعجاز چوہدری، ذکر اللہ مجاہد ، ظہور بٹ، ارباب الطاف،محمد ساجن پنہور،توقیر اسلام، یوسف ملک، اجمل چوہدری، یحییٰ گجر ، رانا بوٹا ، نواز چدھڑ میاں افتخارو دیگر کا خطاب ۔ مقررین نے کہا کہ جو لوگ ادارے نہیں چلا سکتے وہ ملک کس طرح چلائیں گے ۔ پیغام یونین کے مرکزی صدر نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے نجکاری پالیسی تبدیل نہ کی تو -20جنوری کو ملک بھر کے پریس کلبوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج سے متعلق پالیسی ترتیب دی جائے گی۔ اس موقع پر ایس ڈی ثاقب نے گوجرانوالہ میں بجلی چورمافیا کی طرف سے ایکسین کے بیہمانہ قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے فوری طورپر قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔