ترقیاتی سکیموں کو مقررہ شیڈو ل کے مطابق مکمل کیا جائے،سیف انجم

ترقیاتی سکیموں کو مقررہ شیڈو ل کے مطابق مکمل کیا جائے،سیف انجم

لاہور(اپنے خبر نگارسے)صوبائی سیکرٹری آبپاشی کیپٹن (ر) سیف انجم نے ہدایت کی ہے کہ رواں مالی سال کی ترقیاتی سکیموں کو مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار کو یقینی بناتے ہوئے اس بات پر خاص توجہ دی جائے کہ ان منصوبوں سے کسان برادری کو بھرپور فائدہ پہنچے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ترقیاتی ویژن کا مقصد محکمہ آبپاشی کے وسیع ڈھانچے کی دیکھ بھال وتعمیرنو کے سا تھ ساتھ اسے زرعی مقاصد کے لئے بطریق احسن استعمال میں لانا ہے تاکہ کسان خوشحال ہوان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے اپنے دفتر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تعمیراتی منصوبوں کی بابت پراگریس کا جائزہ لینے والے محکمانہ اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں زونل چیف انجینئرز کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے ایڈیشنل سیکرٹریز اور پیڈا کے جنرل منیجرز نے شرکت کی۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آبپاشی سیف انجم نے کہاکہ مربوط سروس ڈلیوری میکنزم کے ذریعے کسان برادری کو فعال انداز میں سروسز فراہم کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی پراجیکٹس کی تھرڈپارٹی مانیٹرنگ سے ان منصوبوں کے تعمیراتی معیار کوبرقرار رکھنے میں مدد ملی ہے۔اس عمل سے محکمانہ استعدادکارکے ساتھ ساتھ مالیاتی امور میں بھی بہتری آئی ہے۔اجلاس میں ترقیاتی سکیموں کے علاوہ پانی چوری کے حوالے سے مروجہ قوانین میں ترامیم ،بھل صفائی او رموگہ جات کی درستگی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1