پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک ایسوسی ایشن کے وفد کی خواجہ حسان سے ملاقات

پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک ایسوسی ایشن کے وفد کی خواجہ حسان سے ملاقات

لاہور( اپنے نامہ نگار سے )پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے وفد نے یونیورسٹی ٹاوٗن 1 میں اورنج ٹرین پراجیکٹ کے دفاتر نہ بنانے کے وعدے کی یاد دہانی کے لئے نامزد مئیر لاہور خواجہ احمد حسان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر آسا پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین اور دیگر رہنماء موجود تھے۔ ملاقات میں آسا رہنماوٗں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدے کی پاسداری کرے اور یونیورسٹی ٹاوٗن 1 کی زمین کو دفاتر قائم کرنے کے لئے استعمال نہ کرے۔ خواجہ احمد حسان نے اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھرپور کوشش کی ہے کہ یونیورسٹی ٹاوٗن 1 میں اورنج ٹرین کے دفاتر نہ بنیں تاہم حکومت کوشش کرے گی کہ ٹاوٗن 1 کی زمین کم سے کم استعمال کی جائے اور جن اساتذہ کے پلاٹ اور گھر زد میں آئیں گے انہیں مناسب معاوضہ دیا جائے گا۔ بعد ازاں پنجاب یونیورسٹی اساتذہ کی جنرل باڈی میٹنگ کا اجلاس الرازی ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹر محبوب حسین نے خواجہ احمد حسان سے ہونے والی ملاقات پر اساتذہ کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ آسا کے رہنما متاثرین کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

آسا نے متاثرین کا اجلاس جمعرات شام 5 بجے الرازی ہال میں طلب کر لیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4