رضا کارانہ ٹیکس کمپلائنس سکیم ٹیکس نہ دینے کی حوصلہ افزائی ہے،خالد پرویز

رضا کارانہ ٹیکس کمپلائنس سکیم ٹیکس نہ دینے کی حوصلہ افزائی ہے،خالد پرویز

لاہور ( کامرس رپورٹر ) صدر آل پاکستان تاجران خالد پرویزنے کہا ہے کہ وفاقی حکو مت کی جانب سے رضا کارانہ ٹیکس کمپلائنس سکیم ٹیکس چوری اور ٹیکس نہ دینے کی حوصلہ افزائی ہے۔ یہ چھوٹے تاجروں کے لیے نہیں بلکہ خاص لوگوں کے لیے ہے کہ وہ اپنے لوٹ مار اور کرپشن سے سمیٹے کالے سرمائے کو وائٹ کرسکیں ۔ ایسی سکیموں سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ ٹیکس نہ دینے کی ترغیب ملتی ہے ۔ حکومتی اِکنامک مینجرز نے ساڑھے پانچ ماہ تک تاجروں سے مذاکرات کا ڈھونگ رچانے کے بعد یہ سکیم اناؤنس کی ہے اور انجمن تاجران کے بنیادی مطالبے وِد ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کا ذکر تک نہیں کیا ۔ وِد ہولڈنگ ٹیکس ایک ایسا ظلم ہے جو چھوٹے تاجروں ، بیواؤں ، پینشنروں حتیٰ کہ فوت شدگان پر بھی نافذ کیا جا رہا ہے کہ ان کی جمع شدہ رقم نکلوانے پر بھی ٹیکس کاٹ لیا جاتا ہے ۔ انجمن تاجران بار بار یہ کہتی آرہی ہے کہ وِد ہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے اور ٹیکس سسٹم میں بنیادی اصلاحات کی جائیں۔

۔

مگر بد قسمتی سے ایسا نہیں ہو رہا ۔ وِد ہولڈنگ ٹیکس کا جبری نفاذ اور رضاکارانہ ٹیکس کمپلائنس ایسی سکیمیں کاروباری اعتماد اور ٹیکس فروغ کلچر کو مجروح کرتی ہیں۔ خالد پرویز نے کہا تاجر پوری شدت سے اس ٹیکس کمپلائنس سکیم کو مسترد کرتے ہیں اور اس کے خاتمے ، وِد ہولڈنگ ٹیکس کو معطل کرنے اور ایمنسٹی سکیم پیکج کے خلاف آج آل پاکستان تاجر کنونشن اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لیے صدر آل پاکستان تاجران خالد پرویز کی قیادت میں لاہور کی 20سے زائد مارکیٹس کے عہدیداران جا رہے ہیں ۔ جن میں جاوید بشیر صاحب صدر پینوراما ، طیب میر جنرل سیکرٹری انجمن تاجران ، طارق مغل صدر کینٹ ، نعیم بٹ صدر چونگی امر سدھو، شاہد بلال صدر شاہ عالم مارکیٹ ، سعید مغل صدر رنگ محل ، شیخ جاوید صدر اعظم کلاتھ مارکیٹ ، مرزا جاوید اقبال صدر بیڈن روڈ ، صابر جٹ چیئرمین دھنی رام روڈ ، چوہدری محمد ادریس صدر جیل روڈ ، ریحان چوہدری صدر بلال گنج آٹو مارکیٹ و دیگر مارکیٹس کے عہدیداران شامل ہیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4