این اے 124کے بچے کھچے مسائل بھی جلد حل کردیئے جائیں گے،خرم روحیل

این اے 124کے بچے کھچے مسائل بھی جلد حل کردیئے جائیں گے،خرم روحیل

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور نوجوانوں کے دِلوں کی آواز حمزہ شہباز کی خصوصی توجہ اور شیخ روحیل اصغر ایم این اے کی خصوصی کاوشوں سے انشاء اللہ حلقہ این اے 124 کے مسائل تقریباً حل کر دئیے گئے ہیں اور جو رہ گئے ہیں وہ انشاء اللہ بہت جلد حل کر دیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگی رہنما خرم روحیل اصغر نے گزشتہ روزیونین کونسل 41نواز پارک ہربنس پورہ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے دورہ کے دوران اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر گامز ن کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ سابقہ حکومتوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا تھا ۔ تاہم میاں نواز شریف کی عمدہ پالیسیوں کی بدولت کم وقت میں بیشتر مسائل پر قابو پا لیا گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ نیا سال ملک کے لیے اچھا ثابت ہوگا ۔ میاں برادران کے ویژن کے مطابق عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ ان کی دہلیز پر حل کریں گے ۔ اگر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے کر جانا ہے تو ہم سب کو مل کر معاشرے سے بدعنوانی ، کرپشن اور ناانصافی کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔

ہمیں وطن عزیز کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانا ہے تو سب کو محنت کرنا ہوگی ۔ عوام ہم سب سے جو توقعات رکھتے ہیں ان کو ہر حال میں پورا کیا جائے گا ۔اپنے حلقہ کے لوگوں کی محرومیاں دور کرنے کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریں گے اور علاقہ میں سوئی گیس ، سیوریج اور صاف پانی کے مسائل کو ختم کرکے ہی دم لیں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4