تھانہ اکبری گیٹ کے سب انسپکٹرکے وارنٹ گرفتاری جاری

تھانہ اکبری گیٹ کے سب انسپکٹرکے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور(نامہ نگار) سینئر سپیشل جج اینٹی کرپشن عظمی اختر نے عدالت میں بطور ملزم پیش نہ ہونے پر تھانہ اکبری گیٹ کے سب انسپکٹر اللہ بخش کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں،عدالت میں محکمہ اینٹی کرپشن نے تھانہ اکبری گیٹ کیسب انسپکٹر اللہ بخش کیخلاف چالان پیش کررکھا ہے جس میں عدالت نے ملزم اللہ بخش کو طلب کیا لیکن وہ پیش نہ ہوا۔ عدالت میں پولیس کی جانب سے بتایا گیاکہ اللہ بخش دستیاب نہیں ہو رہا ہے اس پر عدالت نے اس کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پی کو حکم دیا کہ سب انسپکٹر اللہ بخش کو آئندہ سماعت پر ہرصورت عدالت میں پیش کیا جائے۔ اللہ بخش کے خلاف رائے ونڈ کے شہری عثمان بٹ نے مقدمہ درج کرارکھا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک کیس میں اس نے اپنی درخواست ضمانت کرائی ،بعد میں شامل تفتیش ہونے کے لئے تھانہ اکبری گیٹ گیا جہاں عدالت کی روبکار سب انسپکٹر کو دکھائی مگر اس کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنا کر اس کی گرفتاری ڈال دی گئی۔ عدالت سے استدعاہے کہ سب انسپکٹرکے خلاف کارروائی کی جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4