شہباز شریف سے ترک سرمایہ کاروں کی ملاقات ،پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا فیصلہ

شہباز شریف سے ترک سرمایہ کاروں کی ملاقات ،پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں ...

لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں ترکی کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ جس میں ترک وفد نے پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔ترک سرمایہ کار پنجاب میں ریڈیوکیب گاڑیاں چلانے میں سرمایہ کاری کریں گے ۔ وزیر اعلی محمد شہبازشریف نے تر ک سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات مفید معاشی تعاون میں بدل چکے ہیں۔ہر گزرتے لمحے پاکستان اور ترکی کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے اور دونوں ممالک میں معاشی تعاون فروغ پا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے عوام یکجان اور دوقالب ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی متعدد کمپنیاں پنجاب میں ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں ۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں ترک کمپنیوں کے تعاون سے شہروں میں صفائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں کی جانب سے پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ ریڈیوکیب گاڑیاں چلانے کے ضمن میں ترک سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے تعاون سے لاہور سمیت مختلف شہروں میں کئی منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں ۔میٹروبس پراجیکٹ پاک ترک دوستی کی شاندار مثال ہے ۔ پنجاب حکومت اور ترک کمپنیوں کے اشتراک کار سے پاکستان اور ترکی کی دوستی مستحکم ہو رہی ہے اور آنے والے وقتوں میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون مزید بڑھے گا۔ترک سرمایہ کار وں کے وفد کے اراکین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی انتھک محنت اور غیر معمولی صلاحیتوں کے معترف ہیں ۔ پنجاب کے عوام شہباز شریف سے دلی محبت اور ان کے کام کوپسند کرتے ہیں ۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں اضافہ کے لئے وزیر اعلی شہبازشریف نے گرانقدر کام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ریڈیوکیب گاڑیاں چلانے میں سرمایہ کاری کریں گے ۔ترک سرمایہ کاروں کے وفد میں مصطفی البراک اور دیگر اراکین شامل تھے جبکہ خواجہ احمد حسان،کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم عمر ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ماہر ارفع کریم پاکستان کی ہونہار، ذہین اور قابل ترین بیٹی تھی۔ ارفع کریم نے انتہائی کم عمری میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کم عمر ترین آئی ٹی ماہر ارفع کریم کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ارفع کریم جیسی ذہین بیٹیاں ملک کیلئے امید کی کرن اورباعث فخرہیں۔ آج ارفع کریم ہمارے درمیان موجود نہیں لیکن پنجاب حکومت آئی ٹی کے فروغ کیلئے ان کا مشن تیزرفتاری سے آگے بڑھا رہی ہے۔ حکومت پنجاب نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے موثراقدامات کئے ہیں۔ پنجاب بھر کے ہائی سکولوں میں جدید آئی ٹی لیبز کا قیام اور طلباء میں لیپ ٹاپ کی تقسیم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔صوبے میں گڈ گورننس کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کااعزاز پنجاب حکومت کو حاصل ہے اور اس سے بھر پور استفادہ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کو ارفع کریم کے نام سے منسوب کیا ہے۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...