اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس جلد وجود میں آئیگا ، شجاعت حسین
گجرات ، جلالپورجٹاں(بیورورپورٹ،نامہ نگار)سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکمران ڈھیٹ ہیں انھیں لوگوں کی مشکلات کا احساس نہ ہے حکمرانوں کے خلاف جلد اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس وجود میں آئے گا وہ جلالپورجٹاں کے نواحی گاؤں کنگ بڈھا میں اپنے پی ایس او میجر فیصل کے والد چودھری نذر حسین کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد ’’پاکستان ‘‘سے خصوصی بات جیت کر ہے تھے انھوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی زیرو ہے مہنگائی ،بیروزگاری،لودشیڈنگ میں اضافہ گیس کی بندش سے غربت بڑھ چکی ہے سفید پوش طبقہ انتہائی مشکلات کا شکار ہے، موجودہ حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس کے لیے عمران خان سمیت دینی و سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں اپوزیشن جماعتوں نے مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے گرینڈ الائنس بن سکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اختیارات لینے کے لئے بلدیاتی نمائندگان کو جدوجہد کرنی پڑے گی ورنہ میاں برادران تمام اختیارات اپنے پاس رکھ کر بیورکریسی کے ذریعے معاملات چلاتے رہیں گے ضلع گجرات کی چئیرمین شپ پر چودھری برادران کے کسی فرد کے الیکشن میں حصہ لینے کے سوال پر انھوں ن کہا کہ وہ مخصوص نشستوں کے شیڈول اور انتخاب کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے ۔دوسری جانب ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد کی جانب سے غیرملکی سفارتخانوں کو موجودہ مقامات سے منتقلی کیلئے زچ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سفارتخانوں کو ڈپلومیٹک انکلیو میں پلاٹ دئیے بغیر یہ اقدام نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔