صوفیائے کرام کی تعلیمات انتہا پسندی سے بچانے کا نسخہ کیمیا ہیں، حسن محی الدین

صوفیائے کرام کی تعلیمات انتہا پسندی سے بچانے کا نسخہ کیمیا ہیں، حسن محی ...

لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک منہاج القرآن سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ آج ہم نے تعلیمات صوفیاء کو نظر انداز کر رکھا ہے اسی لئے ہدایت کے راستوں سے بھٹک رہے ہیں صوفیائے کرام کی تعلیمات انتہا پسندی سے بچانے کا نسخہ کیمیا ہیں۔تعلیمات صوفیاء میں سیرت عکس مصطفی ﷺ نظر آتا ہے اور صوفیا امن کے حقیقی سفیر ہیں ۔صوفیاء کی تعلیمات نے ہر دور انسانیت کی مدد اور رہنمائی کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خواجہ عامر فرید کوریجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ عامر فرید کوریجہ نے ڈاکٹر حسن محی الدین القادری کو 17جنوری کو کوٹ مٹھن میں ہونے والی کانفرنس سے خطاب کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی ۔ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ آج مسلمانوں کے خلاف گھناؤنی سازشیں ہو رہی ہیں ۔ان پر فتن حالات میں تعلیمات صوفیاء کے دئیے جلانے کی ضرورت ہے ۔ خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہاکہ کانفرنس صوفیاء کی تعلیمات اور امن کے پیغام کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہو گی ۔ انہوں نے بتایا کہ معروف روحانی پیشوا حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کا 118واں عرس 17جنوری (اتوار) کو کوٹ مٹھن شریف میں ہو گا ،اس موقع پر دن 1:00بجے’’ اسلام دین امن‘‘ کے عنوان سے کانفرنس منعقد ہو گی ۔کانفرنس میں ملک بھر سے معروف علمائے کرام مشائخ عظام اور دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات شرکت کرینگی ۔

مزید : علاقائی