نابینا افراد کے دھر نے سے پنجا ب میٹرو بس اتھارٹی کو 30لاکھ کانقصان

نابینا افراد کے دھر نے سے پنجا ب میٹرو بس اتھارٹی کو 30لاکھ کانقصان

لاہور ( کامرس رپورٹر)صو بائی دارلحکومت میں میٹرو بس سروس روٹ پر نابینا افراد کے احتجاج اور دھر نے کے باعث پنجا ب میٹرو بس اتھارٹی کو دودن میں ٹکٹ مد میں 30لاکھ روپے تک نقصان برداشت کرنا پڑا ہے جبکہ گزشتہ دوروز میں میٹرو بس پر سفر کرنے والے 1لاکھ 30ہزار سے زائد مسافروں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق نابینا افراد کا اپنے حقو ق کے لیے احتجاج کا سلسلہ گزشتہ سال سے جاری ہے جس میں حکومتی نمائندوں کی جانب سے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کے بعد بھی مسائل حل نہ کیے گئے ۔جس پر نابینا افراد نے حکو متی ایوانوں میں اپنی بازگشت پہنچانے کے لیے میٹروبس سروس کو معطل کر نے کا ارادہ کیا اور دوروز تک میٹرو بس روٹ پر درجنوں نابینا افراد نے احتجاج اور دھر نا دیا جو ایک بار پھر حکو متی نمائندوں کی یقین دہانی کے بعد ختم کر دیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ نابینا افراد کے دھرنے کے باعث جہاں میٹروبس سروس تعطل کا شکار رہی وہیں روزانہ سفر کر نے والے مسافروں کو شد ید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔ دوروز کے دوران پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کو ٹکٹوں کی مد میں 30لاکھ روپے سے زائد کا نقصان برداشت کر نا پڑا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ضلعی حکومت نے احتجاج کرنے والوں کو میٹرو ٹر یک سے روکنے پر سختی سے عملدرآمد نہ کیا تو یہ آئے روز کا وطیرہ بن جائے گا جس سے میٹرو بس سر وس تعطل کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ مسافروں کے لیے اذیت کا باعث بنے گا ۔

مزید : علاقائی