گورننس سسٹم کو مکمل شفاف بنانے کیلئے اصلاحات کر رہے ہیں، پرویز خٹک

گورننس سسٹم کو مکمل شفاف بنانے کیلئے اصلاحات کر رہے ہیں، پرویز خٹک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(اے این این)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ بعض سرکاری محکموں میں تھوڑی بہت کرپشن موجود ہے ،گورننس سسٹم کو مکمل شفاف بنانے کیلئے بے شمار اصلاحات کر رہے ہیں،خیبرپختونخوا کے تمام محکموں کو کرپشن سے پاک کرکے دم لیں گے ،ڈٹ ڈیپارٹمنٹ سرکاری حسابات کی جانچ پڑتال کے نظام کو سخت اور مستعد بنا کر اس کرپشن کے خاتمے میں صوبائی حکومت کی مدد کرسکتا ہے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے کہ سرکاری ملازمین کی موجودہ قلیل تنخواہیں کرپشن کی بڑی وجوہات میں سے ایک وجہ ہے اور اسی حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کو حاصل سرکاری گاڑیاں اور بنگلے واپس لے کر اُس کی جگہ اُنکی تنخواہوں میں تین سے چار گنا تک اضافہ کیا جائے جس سے نہ صرف کرپشن میں کمی آئے گی بلکہ اُن 90 فیصد ملازمین کو فائدہ ہو گا جنہیں گاڑی اور بنگلے کی مراعات حاصل نہیں ہیں ۔وہ بدھ کے روز اپنے دفتر میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین اور اکنامک افیر ڈویژن اسلام آباد کی ایڈیشنل سیکرٹری انجم اسد امین سے بات چیت کر رہے تھے خیبرپختونخوا کے اکاؤنٹنٹ جنرل شہزادہ تیمور خسرو بھی ملاقات میں موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں پی ٹی آئی کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت خدماتی اور انتظامی نظام کو ہر قسم کی کرپشن اور بد انتظامی سے پاک کرنے کے لئے پوری طرح پر عزم ہے ۔انہوں نے آڈیٹرجنرل سے کہاکہ وہ سپیکر صوبائی اسمبلی سے اس تجویز پر تبادلہ خیال کریں جو خیبرپختونخوااسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سربراہ ہیں ۔دریں اثناء ہنگو سے تعلق رکھنے والے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کونسلروں کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے ہنگو میں ایک بڑی ہاؤسنگ سکیم شروع کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے جبکہ تحصیل ٹل میں سروزئی کے مقام پر سمال ڈیم تعمیر کرنے اور نریاب ڈیم سے بجلی پیداوار شروع کرنے کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا ۔

مزید :

علاقائی -