شدت پسند ایک بار پھر سراٹھا رہے ہیں،آصف علی زرداری

شدت پسند ایک بار پھر سراٹھا رہے ہیں،آصف علی زرداری

اسلام آباد(پ ر)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں پولیو کے خاتمہ کے دفتر پر دہشتگردی کی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے جس میں رپورٹوں کے مطابق 12پولیس اہلکار اور دو شہری شہید ہوگئے اور متعدد زخمی ہوگئے۔ یہ پولیس اہلکار پولیو کی مہم میں پولیو کی ٹیم کی حفاظت پر معمور تھے۔ قوم اپنے ان سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنا خون اس لئے بہایا کہ قوم امن سے رہ سکے۔ یہ پولیس اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اعلیٰ درجات اور غمزدہ خاندانوں کے لئے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔ آصف علی زرداری نے اے آوائی نیوز اسلام آباد کے دفتر پر حملے کو خطرناک دہشتگردی قراردیتے ہوئے حکومت سے کہا ہے کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرکے منصوبہ سازوں کو بے نقاب کرکے قوم کے سامنے پیش کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ شدت پسند ایک بار پھر سراٹھا رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ شدت پسندوں کے خلاف کارروائی تیز کر دے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائی اظہار رائے کی آزادی کو سلب کرنے کی ناپاک سازش ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہر قسم کی شدت پسندی اور دہشتگردی کی مذمت کرتی ہے اور اس عمل کی مزاحمت کرتی رہے گی۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر نے اے آروائی کے زخمی کارکنوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

زرداری

مزید : صفحہ آخر