پٹرول کی کمی اور سہولیات کا فقدان ،نااہلی چھپانے کیلئے پولیس اہلکاروں کا بہانہ

پٹرول کی کمی اور سہولیات کا فقدان ،نااہلی چھپانے کیلئے پولیس اہلکاروں کا ...

لاہور(وقائع نگار) پنجاب پولیس کی جانب سے پٹرول کی مد میں حکومت سے رواں مالی سال اضافی رقم لینے کے باوجود پولیس اہلکاروں نے اپنی ناقص کارکردگی چھپانے کی خاطر جرائم میں ملوث ملزمان کو بروقت گرفتار نہ کرسکنے کا "بہانہ "بناتے ہوئے اسکی اصل وجہ مناسب سہولیات کا فقدان قرار دے دیا جس میں "پٹرول " کی قلت کو سرفہرست رکھا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں قائم85 تھانوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو دئے جانے والے پٹرول میں ڈیوٹی کو موثر طریقہ سے سرانجام دینے میں پولیس اہلکاروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ہر تھانے میں پٹرولنگ گاڑیوں کو دس دس لیٹر پٹرول روزانہ دیا جاتا ہے جبکہ موٹر سائیکلوں کو 3لیٹر پٹرول دیا جاتا ہے۔انویسٹی گیشن اور آپریشن کے افسران کو 8لیٹر پٹرول دیا جاتا ہے ، ہر سرکل کے ڈی ایس پی کو روزانہ 15لیٹر اور ایس پی حضرات کو 20 لیٹر پٹرول دیا جاتا ہے جبکہ ایس ایس پی ،ڈی آئی جی ،اے آئی جی اور آئی جی کے لئے پٹرول کی فراہمی کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے۔دوسری جانب پنجاب پولیس کو رواں سال دیئے گئے بجٹ میں سے 6ارب 63کروڑ روپے پٹرول کی مد میں مختص کیے گئے ہیں۔بعد ازاں پولیس کی جانب سے اضافی فنڈز بھی حکومت سے لیے گئے جن میں سے 10.22فیصد رقم پٹرول کی مد میں استعمال ہو چکی ہے لیکن اس کے باوجود تھانوں میں پٹرول کی قلت ایک عام بات بن چکی ہے ۔اس حوالے سے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار بھی مجبور ہیں کیونکہ ان کے وسائل محدود ہیں اور انہیں نہایت کم پٹرولروزانہ کی بنیادپر ملتا ہے جب پٹرول نہیں ہوتا تو چھاپہ مارنے یا کہیں جانے کے لیے پٹرول سائلین کو مہیا کرنا پڑتا ہے اگر پولیس اہلکار خود پٹرول دینا شروع کر دیں تو ان کی تمام تنخواہ اسی میں ہی نکل جائے ۔دوسری جانب بعض اافراد کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے اہلکاروں کے پٹرول چوری کرنے پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے جس کی وجہ سے تھانوں میں عام طور پر استعما ل ہونے والی گاڑیوں میں پٹرول کی کمی رہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر اعلیٰ پولیس افسروں کے پٹرول کو کم کر دیا جائے اور تھانوں میں یہ پٹرول فراہم کیا جائے تو معاملات میں کچھ حد تک بہتری آ سکتی ہے اسی طرح سے گاڑیوں میں ایسے میٹر لگائے جائیں جو پٹرول کے استعمال کے حوالے سے معلومات مانیٹرنگ روم کو دیں تو پٹرول چوری پر قابو پایا جا سکتاہے ۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...