پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے ،معراج الہدیٰ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے ،معراج الہدیٰ

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے مطابق کم کرکے مہنگائی کو کنٹرول اور عام آدمی کو ریلیف دے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گذشتہ 13سالوں کے رکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں مگر پاکستان میں اس کا فائدہ عام آدمی کو نہیں پہنچایا جارہا ہے۔ پیٹرول وڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے روز مرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑہ جاتی ہیں اور مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بناکررکھ دی ہے۔کتنے دکھ وافسوس کی بات ہے کہ حکمرانوں کے کتوں اوربلیوں کابھی وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ علاج اورخیال کیا جاتاہے مگردوسری جانب غریب آدمی دووقت کی روٹی کیلئے بھی سخت پریشان اورتھر میں غربت،غذائی قلت وسھولتوں کے فقدان کی وجہ سے معصوم بچے روزنہ دم توڑرہے ہیں ان کاکوئی پرسان حال بھی نہیں ہے۔شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اورانہیں بنیادی سھولیات فراہم کرنا حکومت وقت کی ضرورت ہوتی ہے مگر اس صورتحال سے لگ رہا کے حکمران خواب غفلت میں سورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خود حکومتی اعداد وشمار کے مطابق بغیر ٹیکس کے پیٹرول فی لٹر50روپے سے بھی کم پڑتا ہے مگر اس وقت عوام کو 76روپے فی لٹر فروخت کیا جارہا ہے، اسی طرح صرف ایک لٹر پر حکومت عوام سے ٹیکس کی مد میں 26روپے وصول کررہی ہے جبکہ اس وقت ملک میں پیٹرول کی یومیہ کھپت 15ہزار 85میٹرک ٹن ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق وہاں پر بھی 12سال کے بعد پہلی مرتبہ تیل کی قیمت32ڈالر سے بھی نیچے آگئی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت اپنے شاہانہ طرز حکمرانی ختم کرکے سادگی وکفایت شعاری اور غیر ترقیاتی بجٹ کم کرنے کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کم کرکے عوام کو ریلیف دے تاکہ ایک عام آدمی بھی بہتر زندگی گذار سکے۔

مزید : کراچی صفحہ اول