معافی کے بعد ایران نے امریکہ بحری ؑ ملے کے 10ارکان رہا کر دیئے ، دوکشتیاں واپس

معافی کے بعد ایران نے امریکہ بحری ؑ ملے کے 10ارکان رہا کر دیئے ، دوکشتیاں واپس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 تہران(اے این این) ایران نے سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کئے گئی امریکی نیوی کے 10اہلکاروں کو رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان نیوی سیلز کو امریکہ کی جانب سے سمندری حدود کی خلاف ورزی پر معافی مانگے جانے کے بعد رہا کیا گیا ہے ،ان کی کشتیاں واپس کرکے انھیں کھلے سمندر میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسداران انقلاب نے ایرانی پانیوں میں داخل ہونے پر پکڑے جانے والے امریکی بحری عملے کے دس ارکان کو رہا کر دیا ہے۔سرکاری ٹی وی پر پاسداران انقلاب کے بیان کو پڑھ کر سنایا گیا جس کے مطابق معافی مانگے جانے کے بعد عملے کو بین الاقوامی پانیوں میں چھوڑ دیا گیا ہے۔پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکہ نے اس واقعے پر معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہوگا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ کشتیاں غیر ارادی طور پر ایران کی سمندری حدود میں داخل ہوئی تھیں۔تاحال واشنگٹن نے جان کیری کے معافی مانگنے کی تصدیق نہیں کی ہے۔امریکی محکمہ دفاع (پنٹاگون )نے بھی اہلکاروں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ نو مردوں اور ایک خاتون اہلکار کو دوران تحویل کسی طرح کا گزند پہنچانے کے شواہد نہیں ملے۔پینٹاگون کا کہنا تھا کہ ایران نے ان اہلکاروں کے تحفظ کی یقین دہانی کرواتے ہوئے یقین دلایا تھا کہ وہ انھیں "فوری طور پر اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دیں گے۔امریکی حکام کے مطابق یہ واقعہ خلیج فارس میں فاسی جزیرے کے قریب پیش آیا جو کہ سعودی عرب اور اریان کے درمیان واقع ہے۔